اندھیری میں ایل پی جی سلنڈر سے لگی آگ میں ماں اور بیٹی جھلسیں
ممبئی(یو این آئی) مہاراشٹر کے ممبئی میں اندھیری (مشرق) کے چکالا علاقے میں ایک رہائشی چال میں ایل پی جی سلنڈر سے اچانک آگ لگنے کے سبب ایک خاتون اور اس کی 13 سالہ بیٹی جھلس گئیں۔
یہ واقعہ جمعرات کی شام تقریباً 7.35 بجے شہر کے مضافاتی علاقے کاجوواڑی میں کھنڈیشور مندر کے قریب واقع ‘بمباری چال’ میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ آگ 2 منزلہ عمارت کی گراؤنڈ فلور پر واقع کمرہ نمبر 2 میں رکھے ایل پی جی سلنڈر کے مین والو سے شروع ہوئی۔
فائر بریگیڈ کے افسران کے مطابق، آگ کی زد میں دونوں ماں بیٹی کے کپڑے، ایک دیا اور باورچی خانے کا کچھ دیگر سامان آ گیا۔ آگ تقریباً 3 فٹ ضرب 3 فٹ کے دائرے تک ہی محدود رہی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ممبئی فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ رات 8.04 بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔ موقع پر پولیس اہلکار، 108 ایمبولینس اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین بھی پہنچے۔
زخمیوں کو پولیس کی گاڑی سے کوپر اسپتال لے جایا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق، روتیکا گور (35) کا جسم 25 فیصد تک جھلس گیا ہے، جبکہ ان کی بیٹی نیہا گور (13) 14 فیصد تک جھلس گئی ہے۔ دونوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ واقعے میں کسی اور کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
