ہریانہ میں نرسوں نے ریاست گیر ہڑتال واپس لی، تمام7 ملازمین کی معطلی منسوخ
پنچکولہ، (یو این آئی۔) ہریانہ میں نرسنگ افسران نے اتوار کو اپنی مجوزہ ریاست گیر ہڑتال واپس لے لی۔ محکمہ صحت نے پنچکولہ کے سول اسپتال میں معطل کیے گئے 6 نرسنگ افسران اور چوتھے درجے کے ایک ملازم کی معطلی منسوخ کر دی ہے۔ افسران نے یہ اطلاع دی۔یہ فیصلہ محکمہ صحت کے حکام اور نرسنگ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا۔ اس طرح پیر سے شروع ہونے والی ریاست گیر احتجاجی تحریک ٹل گئی۔طبی غفلت کے الزامات کی جانچ مکمل ہونے تک معطلی کے احکامات واپس لینے کا فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیش بنسل کی ہدایت پر کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کی ریاستی صدر ونیتا بنگار نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہماری بنیادی مانگ منظور کر لی گئی ہے۔ڈاکٹر مکتا کمار نے کہا کہ ملازمین کی غیر حاضری کو ڈیوٹی کے بجائے ان کی چھٹیوں میں شمار کیا جائے گا۔ نرسنگ افسران کو دوبارہ کام پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ معطلی کے احکامات واپس لیے جانے کے باوجود طبی غفلت کے الزامات کی جانچ جاری رہے گی۔
