دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام ‘چیتیہ بھومی’ رکھنے کی فڑنویس کی تجویز کی مخالفت
ممبئی، (یو این آئی) مہاراشٹر میں بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی حکومت کی اتحادی جماعت، ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی شیو سینا کے رہنما ششیر شنڈے اور راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے رہنما اور دادَر میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر یشونت کلیدار نے دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے اعزاز میں ‘چیتیہ بھومی’ رکھنے کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے اعلان کی مخالفت کی ہے۔
دونوں جماعتوں نے جمعرات کو اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی۔ ان کی مخالفت وزیر اعلیٰ فڑنویس کے اس اعلان کے 12 گھنٹے کے اندر سامنے آئی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی حکومت دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے ‘چیتیہ بھومی’ رکھنے کی تجویز کو اصولی منظوری دے چکی ہے۔
برطانوی دور میں 1853ء میں قائم ہونے والا دادَر ریلوے اسٹیشن ممبئی کے اہم ترین ریلوے اسٹیشنوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ اسٹیشن وسطی ریلوے اور مغربی ریلوے لائنوں کو جوڑتا ہے اور یہاں مجموعی طور پر 14 پلیٹ فارم ہیں۔ ممبئی کی مضافاتی لوکل ٹرینوں کے ساتھ ساتھ شہر سے باہر جانے والی طویل فاصلے کی ٹرینوں کی آمدورفت میں بھی یہ اسٹیشن مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔
فڑنویس نے بدھ کو ودھان بھون میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت نے دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام ‘چیتیہ بھومی’ رکھنے کی تجویز پر اصولی منظوری کے لیے مرکزی حکومت کو خط بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آئندہ قانون ساز اجلاس کے دوران اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ایکناتھ شنڈے کی قیادت والی شیو سینا کے رہنما ششیر شنڈے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بی جے پی پر تنقید کی۔ انہوں نے بی جے پی کو ‘بھکاری بی جے پی’ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی مراٹھی بولنے والے لوگوں کے درمیان اختلافات اور تصادم پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ششیر شنڈے نے کہاکہ ”بالاصاحب ٹھاکرے نے دادَر ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کی سازش کو پہلے ہی ناکام بنا دیا تھا۔ شیو سینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کی برسی 17 نومبر کو تھی اور اس کے 24 گھنٹے کے اندر بی جے پی نے یہ قدم اٹھایا۔ یہ آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے کی توہین ہے۔ آج بالاصاحب جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن ان کے تربیت یافتہ مراٹھی بھائی اپنے تمام ذات پات کے اختلافات کو بھلا کر بی جے پی کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
