اپنے ہی ملک میں اوبر کپ جیتنا میرا خواب ہے: پی وی سندھو
نئی دہلی، (یو این آئی) دو بار کی اولمپک تمغہ یافتہ پی وی سندھو نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ہندوستان کے لیے پہلا اوبر کپ خطاب جیتنے کا ایک اور موقع چاہتی ہیں۔ یہ بیان بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بائی) کو 2028 بی ڈبلیو ایف تھامس اور اوبر کپ فائنلز کی میزبانی نئی دہلی میں ملنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ 2014 میں جب دارالحکومت نے پہلی بار ان چیمپئن شپ کی میزبانی کی تھی، تب سندھو نے ہندوستان کو پہلا اوبر کپ تمغہ، یعنی کانسہ کا تمغہ، دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سندھو نے کہا، مجھے 2014 میں دہلی میں جیتے گئے کانسہ کے تمغے پر فخر ہے۔ اگر مجھے اپنے ملک میں ایک بار پھر اوبر کپ کھیلنے کا موقع ملا تو میری خواہش ہوگی کہ ہم پورا سفر طے کرکے خطاب جیتیں۔ میں جانتی ہوں کہ اپنی ٹیم کی ساتھیوں کے ساتھ پوڈیم پر کھڑے ہونے کا کیا مطلب ہوتا ہے۔ ہندوستانی شائقین کے سامنے مل کر ٹرافی اٹھانا میرے کیریئر کے سب سے قابلِ فخر لمحات میں سے ایک ہوگا۔”
یہ میزبانی ایسے وقت میں ملی ہے جب بائی گوہاٹی میں 2025 عالمی جونیئر چیمپئن شپ اور نئی دہلی میں 2026 عالمی چیمپئن شپ کا انعقاد کرچکا ہے۔ سندھو نے کہا کہ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما اور سنجے مشرا کی قیادت میں ہونے والی کوششوں کے باعث ہندوستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں بیڈمنٹن کے بڑے ٹورنامنٹس دیکھنے کے زیادہ مواقع ملے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ”دہلی میں عالمی چیمپئن شپ کے دوران دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں نے مجھے بتایا کہ شائقین کے درمیان سے گزرتے ہوئے انہیں کتنا اچھا محسوس ہوا۔ مجھے فخر ہے کہ میری نسل کو اپنے ہی ملک میں عالمی چیمپئن شپ کھیلنے کا موقع ملا۔ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما، سنجے مشرا اور بائی کی پوری ٹیم نے ان ٹورنامنٹس کو ہندوستان لانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ 2028 اولمپک سال بھی ہے اور نوجوان کھلاڑی دیکھ سکیں گے کہ ہندوستانی ٹیم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا کس طرح مقابلہ کرتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اسٹیڈیم سے نکلتے وقت ان کے دل میں بھی اس کورٹ پر کھیلنے اور ایک دن ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا عزم ہوگا۔2026 میں ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے ملک سے باہر سپر 300 یا اس سے اعلیٰ سطح کے مقابلوں میں ریکارڈ نو بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب جیتے ہیں۔ آئندہ دو برسوں میں بائی ان کامیابیوں اور نئی دہلی عالمی چیمپئن شپ میں ملنے والی حمایت کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
