پٹنہ، 18 جون (یواین آئی) بہار کے دیہی ترقی کے وزیر اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر شرون کمار نے آج کہا کہ اپوزیشن کی سیاست بے بنیاد الزامات او ر عوام کو گمراہ کرنے تک محدود ہے۔بدھ کو یہاں جے ڈی یو کے ریاستی دفتر میں منعقد ہ عوامی سماعت پروگرام کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست اب بے بنیاد الزامات لگانے اور عوام کو گمراہ کرنے تک محدود ہے، لیکن بہار کے باشعور عوام اب اس طرح کے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات میں پھنسنے والے نہیں ہیں۔وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ڈبل انجن کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت پوری وابستگی کے ساتھ ریاست کی مجموعی ترقی، سماجی انصاف اور عوامی بہبود کی قراردادوں کو پورا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن کا مکمل صفایا ہونا یقینی ہے، کیونکہ بہار کے عوام آج ترقی اور گڈ گورننس کے ساتھ کھڑے ہیں اور این ڈی اے اتحاد کو عام لوگوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔