سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے تحت سلکھوا تھانہ حلقے کے کوپریہ میں پیر کی رات شادی کی تقریب کے دوران ایک 23 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت سنجو شرما ولد مکلو شرما ساکن کوپریہ وارڈ نمبر 14 کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ پیر کو متھیلیش شرما کے بیٹے سکسین شرما کی شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ جہاں سے بارات گوگری جمال پور جا رہی تھی۔ ڈی جے بج رہا تھا اور سنجو وہیں کھڑا تھا۔ اسی دوران امردیپ نے مندر میں سنجو کو پیچھے سے گولی مار دی۔ مقامی لوگ پہلے زخمی سنجو کو قریبی سلکھوا اسپتال لے گئے۔ وہاں سے اسے سہرسہ صدر اسپتال ریفر کیا گیا۔ علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ متوفی کے اہل خانہ نے اپنے پڑوسی امردیپ شرما پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ بتایا کہ یہ دونوں ممبئی میں مزدوری کرتے تھے۔ وہاں تین ماہ قبل دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ اس دوران امردیپ نے سنجو کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔سمری بختیار پور کے ایس ڈی پی او مکیش کمار ٹھاکر اور انسپکٹر محمد شجاع الدین اسپتال پہنچے اور متاثرہ کے اہل خانہ سے معلومات لیں۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ متوفی دو بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ اس کے قتل سے اہل خانہ میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سمری بختیار پور کے ایس ڈی پی او مکیش کمار ٹھاکر نے بتایا کہ یہ قتل پرانی دشمنی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ فی الحال نعش کو قبضے میں لے کر ضروری کارروائی کی جارہی ہے۔