پٹنہ(پریس ریلیز): جے ڈی یو کے سینئر لیڈراوررکن قانون ساز کونسل پروفیسرغلاث غوث نے مدھوبنی ضلع کے بینی پٹی تھانہ وبلاک حلقہ کی بلیا ڈنگلی پنچایت کے بلیاگائوں(نزد تیسی پرسونی گائوں) پہنچ کر مقتول اردو ٹیچر حافظ محمد منصور عالم کے غمزدہ اہلخانہ سے ملاقات کی اورتعزیت کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر وتحمل کی تلقین کی۔پروفیسرغوث نے مقتول اردوٹیچر کی بیوہ اوران کے پانچوں بچوں سے بھی ملاقات کی اورقتل واقعہ کے سلسلے میں تفصیلی معلومات بھی حاصل کی۔پروفیسر غوث نے غمزدہ اہلخانہ کو انصاف وراحت دلانے کی مثبت یقین دہانی کرائی اوراسی موقع پر انہوںنے دربھنگہ کے سینئر ایس پی جگوناتھ جلا ریڈی سے فون پر بات چیت کرکے قتل واقعہ اور مقتول کے اہلخانہ کی بے سروسامانی کی حالت سے واقف کراتے ہوئے فوراً موثر کارروائی کرنے کو کہااور مطالبہ کیا کہ قاتل کو جلد سے جلد گرفتارکیاجاناچاہئے ساتھ ہی سنگھواڑہ تھانہ حلقہ سمیت پورے دربھنگہ ضلع میں اردو اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنایاجاناچاہئے،اس کیلئے مقامی تھانہ کی پولیس کومستعد اورسرگرم کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری کے ساتھ نبھانے کی ہدایت دی جانی چاہئے تاکہ پورے علاقے میں امن وامان کاماحول قائم ہوسکے اورعام لوگ بھی پرسکون زندگی گزار سکیں۔پروفیسرغوث کی باتوں کو سینئر ایس پی نے غور سے سنا اورانہیں یقین دہانی کرائی کہ قاتل کا پتہ جلد ہی لگالیاجائے گااورسخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس کو سرگرم کردیاگیاہے۔ایس آئی ٹی کی تشکیل ہوچکی ہے اورزوردار چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔پروفیسر غوث نے اس موقع پر ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقتول اردو ٹیچر منصور عالم کے وارثین میں سے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے اوراہل خانہ کو کم از کم5لاکھ روپئے بطور معاوضہ فوری طور پر دیاجائے اوران کے تحفظ کا بھی مناسب بندوبست کیاجائے۔اس موقع پر پروفیسر غوث سے مقتول منصور عالم کے 80سالہ ضعیف والد محمد شفیق،تقریبا35سالہ بیوہ،صاحبزادی ذکری خاتون،بڑے صاحبزادے مولانا محمد عثمان،چھوٹے صاحبزادے حافظ محمدعفان اوربقیہ ایک بیٹی اورایک بیٹا نے زاروقطارروتے ہوئے داستان سنائی اوربتایا کہ والدین اورپانچوں بچوں و اہلیہ کی کفالت اردو ٹیچر منصورعالم کے ذمہ تھی جو اپنی ماہانہ تنخواہ سے انجام دیتے تھے مگراب ان کے قتل کے بعد ان سات لوگوںکا مستقبل تاریک ہوگیاہے۔حکومت کے ذریعے معاوضہ اورراحتی امداد دلائی جائے اوراس سلسلے میںآواز وزیراعلیٰ نتیش کمار تک پہنچائی جائے ساتھ ہی ساتھ سنگھواڑہ تھانہ حلقہ میں جرائم پرسختی سے قابو پایاجائے جس پر پروفیسرغوث نے اہلخانہ کو مثبت یقین دہانی کرائی۔اس موقع پرالحاج محمد نور الحق،بہارمادھیمک شکچھک سنگھ کے ضلع صدر فیاض احمد،حیدر علی،محمد عیسی،محمد نعیم،محمد ارشد،محمد رحمت اللہ،مولانارضوان احمد قاسمی اورڈاکٹر عمر فاروق سمیت کئی مقامی افراد بھی موجودتھے۔