پٹنہ، 17 جون (یو این آئی) بہار کی راجدھانی پٹنہ میں سیاحت اور جدید انفراسٹرکچر کو نئی پرواز دینے کی سمت میں ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے منگل کو ہوٹل پاٹلی پتراشوک کی زمین پر پہلے نئے فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کو منظوری دی۔
کابینہ سکریٹریٹ ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری (اے سی ایس) ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں یہاں منعقدہ وزراءکونسل کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ”کمار انفراٹریڈ انٹرپرائزز پرائیویٹ لمیٹڈ، پٹنہ“ کو یہ پروجیکٹ ’ لیٹر آف ایوارڈ ‘ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈاکٹر سدھارتھ نے کہا کہ یہ ہوٹل انکم ٹیکس گولمبر کے قریب واقع ’ہوٹل پاٹلی پتراشوک‘ کی زمین پر تیار کیا جائے گا۔ یہ پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت تیار کیا جائے گا۔ یہ اراضی منتخب کمپنی کو 60 سال کی لیز پر دی جائے گی جسے اگلے 30 سالوں تک بڑھایاجاسکتا ہے۔
اے سی ایس نے اس پروجیکٹ کی تفصیل بتائی اور کہا کہ پٹنہ میں تیار ہونے والا یہ پہلا نیا فائیو اسٹار ہوٹل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کمار انفراٹریڈ کو لیز کی شرائط کے مطابق کم از کم سالانہ محصول (ایم وی آر) اور سالانہ لیز ڈیڈ فیس جمع کرنی ہوگی۔ ہوٹل کے منصوبے سے سیاحت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ڈاکٹر سدھارتھ نے یہ بھی بتایا کہ دارالحکومت میں تجویز کردہ تین فائیو اسٹار ہوٹلوں میں سے یہ پہلا ہوٹل ہے۔ بانکی پور بس اسٹینڈ اور سلطان پیلس میں بنائے جانے والے بقیہ دو ہوٹلوں کی بولی کا عمل فی الحال جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے محکمہ سیاحت کی یہ پہل بہار آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو بین الاقوامی سطح کی رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔ نیز، یہ اقدام مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔