نئی دہلی 18جولائی،سماج نیوز سروس:انڈین کنزیومر فیڈریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ لوگوں کو 80 روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر فراہم کرا رہا ہے۔ دہلی-این سی آر کے کچھ علاقوں میں پیر سے ہی سستے داموں ٹماٹروں کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔ آزاد پور منڈی اور نوئیڈا کے کچھ علاقوں میں سستے ٹماٹروں کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔ لیکن یہ تقریباً 2.50 کروڑ کی آبادی والی دہلی کے عام صارفین تک نہیں پہنچ رہی ہے۔ لوگوں کو شکایت ہے کہ بعض مقامات پر ٹماٹر صرف تشہیر کے لیے فروخت کیے جا رہے ہیں، جب کہ کھلے بازار میں اب بھی 120 سے 180 روپے فی کلو میں ٹماٹر خریدنا پڑتا ہے۔منگل کو مدر ڈیری کی سفل دکانوں پر ٹماٹر 159 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر 120 سے 180 روپے فی کلو کے درمیان دستیاب ہے۔ مہنگے پریمیم کوالٹی کے ٹماٹر کی قیمتیں زیادہ ہیں۔کھلے بازار میں ٹماٹر کی گاڑی پر فروخت کرنے والے رام سجن نے نمائندہ کو بتایا کہ تھوک مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت 100 سے 120 روپے فی کلو تک گر گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں یہ 120 سے 180 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں لیکن اچھی کوالٹی کے ٹماٹر 180 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماچل پردیش میں زیادہ بارش نہیں ہوتی ہے اور نئی فصل آتی ہے تو ٹماٹر کی قیمت 60 روپے فی کلو تک گر سکتی ہے۔ لیکن اگر بارش ہوتی ہے اور ٹرکوں کی آمدورفت متاثر ہوتی ہے تو قیمتوں میں جلد ی کمی کا امکان نہیں ہے۔ٹماٹر خریدنے والا (گراہک) روہت پنڈت نے بتایا کہ ٹماٹر کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے کھپت میں کمی کرنی پڑتی ہے لیکن اس کے بعد بھی سبزی بنانے کے لیے اسے ٹماٹر مہنگے داموں خریدنا پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے گھر کا بجٹ خراب ہو رہا ہے۔