لاہور(یو این آئی) بابر اعظم نے کام کے دباؤ کو کم کرنے اور بیٹنگ پر توجہ دینے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ایک سال میں دوسری بار پاکستان کی محدود اوورز کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی طویل پوسٹ میں بابر نے لکھا کہ میں آپ لوگوں کے ساتھ ایک خبر شیئر کرنے جا رہا ہوں۔ میں نے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میں نے گزشتہ ماہ ہی اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو آگاہ کیا تھا۔
انھوں نے لکھاکہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں عہدہ چھوڑ کر اپنے کردار پر توجہ مرکوز کروں۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی اچھا تجربہ رہا ہے لیکن اس سے کام کا بوجھ بھی بڑھ گیا ہے۔ میں اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں اور اپنی فیملی کے ساتھ معیاری وقت گزارنا چاہتا ہوں جس سے مجھے خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ چھوڑنے سے مجھے آگے بڑھنے میں آسانی ہوگی اور مجھے اپنے کھیل اور ذاتی ترقی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملے گا۔
بابر کو ٹی-20 اور یک روزہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن انہیں دوسری مدت میں ون ڈے کی کپتانی کا موقع نہیں ملا۔ پاکستان کو اگلے ماہ آسٹریلیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ اس کے لیے پاکستان کو نئے کپتان کی تلاش ہوگی۔