بلال بزاز
سرینگر،18؍جولائی،سماج نیوز سروس: پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے بعد سرنکوٹ پونچھ علاقے میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں چار ملی ٹنٹ مار ے گئے ۔ دفاعی ترجمان نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مارے گئے تمام ملی ٹنٹ علاقے میں کافی عرصہ سے سرگرم تھے ۔ تفصیلات کے مطابق جموں کے پونچھ ضلع میں سرنکوٹ علاقے میں فوج اور جموں کشمیر پولیس و ملی ٹنٹوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں چار ملی ٹنٹ مار ے گئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا جو جھڑپ میں تبدیل ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جھڑپ کے ساتھ ہی علاقے میں تلاشی آپریشن وسیع کر دیا گیا اور ملی ٹنٹوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں کئی گھنٹوں تک تلاشی آپریشن جاری رہنے کے دوران وہاں ایک چھپے ملی ٹنٹ اور سیکورٹی فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جھڑپ کے دوران چار مسلح ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا جن غیر ملکی تھے ۔ دفاعی ترجمان نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں مسلح تصادم آرائی کے دوران چار جنگجو مارے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں مارے گئے ملی ٹنٹوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا گیا ۔ اس سلسلے میں فوج کی راشٹریہ رائفلز سرنکوٹ کے 6 سیکٹر کے کمانڈر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ طویل عرصے سے سرنکوٹ میں کام کر رہا تھا اور علاقے کے امن و سکون کو خراب کر رہا تھا آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کمانڈر نے کہا کہ فوج گزشتہ تین ماہ سے ’’آپریشن ترنیترا‘‘ کے ایک حصے کے طور پر مسلسل آپریشن جاری رکھے ہوئے تھے ۔ اسی کے ایک حصے کے طور پر 16 جولائی کو سندھرا – بچیاں والی اور میدان میں نامعلوم افراد کی نقل و حرکت کے بارے میں ان پٹ موصول ہوا۔ اس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا 17جولائی کو گاؤں سندرہ اور میدان کے قریب مسلح (عسکریت پسندوں) کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس موصول ہوئی تھی جو ضلع پونچھ کی تحصیل سورنکوٹ کا حصہ ہیں۔