تہران (ہ س)۔ ایران کے بریگیڈیئر جنرل ماجد خادمی کوسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کی انٹیلی جنس تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ آئی آر جی سی کے کمانڈر ان-چیف بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے باضابطہ طور پر اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر جنرل ماجد خادمی اب آئی آر جی سی انٹیلی جنس تنظیم کی قیادت کریں گے۔ خادمی اس سے قبل آئی آر جی سی کے سیکورٹی اور انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔تہران ٹائمز کے مطابق آئی آر جی سی کے کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے بریگیڈیئر جنرل ماجد خادمی کو نئی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ دریں اثنا ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’تسنیم نیوز‘ نے جو کہ پاسداران انقلاب سے وابستہ ہے، اطلاع دی ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے بریگیڈیئر جنرل محمد کرامی کو پاسداران انقلاب اسلامی کی زمینی فورس کا نیا کمانڈر مقرر کیا ہے۔ 19 جون کو جاری کردہ ایک حکم نامے میں ایرانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف آیت اللہ خامنہ ای نے میجر جنرل محمد پاکپور کی جگہ بریگیڈیئر جنرل کرامی کو تعینات کیا۔ پاکپور کو آئی آر جی سی کمانڈر کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔