احمد آباد، (یو این آئی ) اڈانی اسپورٹس لائن نے پرو کبڈی لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے تجربہ کار کوچ رندھیر سنگھ سہراوت کو ‘گجرات جائنٹس کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رندھیر سنگھ، جو اپنی گہری حکمت عملی کی وجہ سے "کبڈی کے چانکیہ” کے نام سے مشہور ہیں، لیگ کے کامیاب ترین کوچز میں شمار کیے جاتے ہیں۔رندھیر سنگھ سہراوت 2014 میں پرو کبڈی لیگ کے آغاز سے ہی اس سے وابستہ ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی ٹیم سیزن 6 میں پی کے ایل کی چیمپئن بنی اور چھ بار پلے آف تک رسائی حاصل کی۔ ارجن ایوارڈ یافتہ سہراوت نے انڈین ریلوے کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کو بھی کوچنگ دی اور متعدد نیشنل ٹائٹلز جتوائے۔ انہوں نے 1990 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی بھارتی ٹیم کے نائب کپتان کی حیثیت سے ملک کی نمائندگی کی۔












