نئی دہلی، جمعیۃ علماء ہند نے عمران اور دیگر 29 رہائشیوں کی طرف سے عرضی داخل کی تھی، جو انتہائی غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے ہلدوانی متاثرین کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کی ہے کہ جمعیۃ ان کی مدد میں پیچھے نہیں رہے گی اور پوری قوت سے ان کی طرف سے مقدمہ لڑا جائے گا۔متاثرین کی راحت رسانی کے لیے جمعیۃ اتراکھنڈ کے اراکین کو خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ازیں قبل جمعیۃ علماء ہند کا ایک وفد مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں جن میں مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا ابوالحسن سیوانی ، جمعیۃ علماء اتراکھنڈ کے نائب صدر مولانا جلیس قاسمی، سکریٹری عبدالقادرفارمر وغیرہ شامل تھے، نے ہلدوانی کا دورہ کیا تھا ، اسی طرح ریاستی صدر مولانا عارف قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے بھی متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا تھا۔مولانا حکیم الدین قاسمی متاثرین کیساتھ لگاتار رابطے میں ہیں۔عرضی میں روشنی ڈالی گئی ہے کہ درخواست گزار غریب لوگ ہیں جو محلہ نئی بستی، ہلدوانی ضلع میں 70 سال سے زیادہ عرصے سے قانونی طور پر مقیم ہیں۔












