سید پرویز قیصر
احمد آؓباد میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی12.1 اوور میں 66 رن بناکر آوٹ ہوئے جو اس قسم کے کرکٹ میں اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اور کل ملاکر تیسرا سب سے کم اسکور ہے۔ اس میچ میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چار وکٹ پر234 رن بنائے تھے جو اس کا نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے بڑا اور کل ملاکر ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پانچواں سب سے بڑا اسکور ہے۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور20 اوور میں آٹھ وکٹ پر99 رن تھا جو اس نے لکھنو میں29 جنوری2023 کو کھیلے گئے سریز کے دوسرے میچ میں بنایا تھا۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کا سب سے کم اسکور16.5 اوور میں 60 رن ہے جو اس نے بنگلہ دیش کے خلاف میر پور،ڈھاکہ میں یکم ستمبر2021 کو بنایا تھا۔ اس میچ میں بنگلہ دیش نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے 15 اوور میں تین وکٹ پر 62 رن بناکر میچ میں سات وکٹ سے جیت درج کی تھی۔چٹا گانگ میں 31 مارچ2014 کو سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی15.3 اوور میں60 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کے اس میچ میں سری لنکا نے پہلے بلے بازی کی تھی اور اس کے سبھی کھلاڑی 19.2اوور میں119 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ سری لنکا اس میچ میں59 رن سے فاتح بنی تھی۔
پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں30 دسمبر2010 کو ہوئے میچ میں نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی15.5 اوور میں80 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے گھر پر سب سے کم اور کل ملاکر چوتھا سب سے کم اسکور تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 183 رن بنائے تھے اور اس میچ میں 103 رن سے جیت اپنے نام کی تھی۔ پاکستان کی یہ جیت نیوزی لینڈ کے خلاف تب رنوں کے اعتبار سے سب سے بڑی تھی۔ ہندوستان نے احمد آباد میں 168 رن کی کامیابی حاصل کرکے اس جیت کو دوسرے مقام پر کردیا ہے۔ پاکستان کی جیت اب بھی نیوزی لینڈ میںنیوزی لینڈ کی سب سے بڑی ہار ہے۔سری لنکا کے خلاف لوڈرہل میں23 مارچ2010 کو ہوئے میچ میں نیوزی لینڈ کے سبھی کھلاڑی17.3 اوور میں81 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پانچواں سب سے کم اسکور ہے۔ اس میچ میں سری لنکا نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے15.3 اوور میں تین وکٹ پر 82 رن بناکر میچ میں سات وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک دس مرتبہ ایسا ہوا ہے جب نیوزی لینڈ نے سو سے کم اسکور بنایا ہے۔ اس میں سے ایک مرتبہ اس نے پورے بیس اوور کھیلے اور آٹھ وکٹ پر99 رن بنائے۔ اس نے ایسا ہندوستان کے خلاف سریز کے دوسرے میچ میں کیا تھا۔
فیصل فیچرس