اتر پردیش

دیوبند میں بلاک آفس کے احاطے میں چوری کی واردات

دیوبند : (سماج نیوز سروس)پانچ دن کے اندر دوسری چوری میں چوروں نے بلاک ڈیولپمنٹ آفس کے احاطے میں مٹی ٹیسٹنگ لیبارٹری کو نشانہ بنایا۔ لیبارٹری کے دروازوں اور الماریوں کے تالے توڑ کر چوروں نے ایل پی جی کے دو سلنڈر اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ دفتر انچارج نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مٹی ٹیسٹنگ لیبارٹری کے انچارج وی بی سنگھ نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح 10 بجے کے قریب جب ملازمین دفتر پہنچے تو انہوں نے دروازے اور الماری کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے۔ اندر داخل ہونے پر انہوں نے لیبارٹری سے دو ایل پی جی سلنڈر غائب پائے۔ اہم دستاویزات بھی ادھر ادھر بکھرے پڑے تھے۔ دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا کوئی ریکارڈ غائب ہیکہ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پانچ روز قبل بلاک کمپلیکس میں واقع ایگریکلچرل پروٹیکشن یونٹ اور زرعی سرمایہ کاری مرکز میں چوری کی واردات ہوئی تھی۔ چوری کے دوران چوروں نے تقریباً ایک لاکھ روپے مالیت کے بیج اور ادویات چوری کر لیں تھی۔ پانچ دنوں کے اندر ہونے والی دو چوریوں نے بلاک کمپلیکس میں حفاظتی انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ بلاک ملازمین کا کہنا ہے کہ نشے کے عادی اکثر رات کو کمپلیکس میں جمع ہوتے ہیں۔ اس کو روکنے کے لیے رات کے وقت نگرانی اور سکیورٹی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پولیس اسٹیشن انچارج سندیپ بالیان نے بتایا کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔