پنچایت سرکار بھونوں کی تعمیر میں تیزی لائیں، بہتر منٹننس کا نظام یقینی بنائیں: سمراٹ
پٹنہ، 06 نومبر : وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں آج لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں محکمہ پنچایتی راج کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں محکمہ پنچایتی راج کے سکریٹری مسٹر منوج کمار نے محکمے کی مجوزہ اسکیموں اور ان کے نفاذ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر وزیر اعلیٰ کے سامنے تفصیلی پریزنٹیشن دیا۔
پریزنٹیشن کے دوران محکمہ پنچایتی راج کے سکریٹری نے وزیر اعلیٰ کو’ وزیر اعلیٰ دیہی پینے کے پانی نشچے‘ منصوبہ کے تحت جل میناروں پر 5 کلوواٹ صلاحیت والے آف گرڈ سولر پینل نصب کرنے کی مجوزہ اسکیم سے آگاہ کیا۔ اس میں ہر اسکیم پر سالانہ بجلی بل کی مد میں ہونے والے اخراجات، مجوزہ منصوبے، اس کے نفاذ اور محکمہ پنچایتی راج کے کردار کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔اس کے علاوہ محکمہ پنچایتی راج کے سکریٹری نے اسکیم کے نفاذ میں بریڈا، پٹنہ کے کردار، مالیاتی انتظام، سولر پینل کی دیکھ بھال اور نگرانی، عمل درآمد اورکوآرڈینیشن کمیٹی ساتھ ہی اسکیم سے ہونے والی بچت کی رقم کے استعمال سمیت دیگر فوائد سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ پنچایت سرکار بھونوں کی تعمیر کے کام میں تیزی لائی جائے۔ ان عمارتوں کے بہتررکھ رکھائو اور باقاعدہ نگرانی کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت سرکار بھون تعمیر کرنے والے ٹھیکیداروں کو ہی ان کے رکھ رکھائو کی ذمہ داری بھی سونپی جائے۔ اس کے لیے ٹھیکیداروں کی جواب دہی واضح کرتے ہوئے ایک مؤثر نظام تیار کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ پنچایت سرکار بھونوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کو تعمیراتی تخمینے میں ہی شامل کیا جائے۔ اس کام کو پندرھویں مالیاتی کمیشن اور ساتویں ریاستی مالیاتی کمیشن سے بھی جوڑا جائے، تاکہ اس کے لیے وقت پر ضروری رقم دستیاب ہو سکے اور کام تیزی سے آگے بڑھ سکے۔انہوں نے کہا کہ پنچایتوں میں بجلی کی فراہمی کی صورت حال سے متعلق معلومات متعلقہ عوامی نمائندوں کو باقاعدگی سے ملنی چاہئیں۔ اس کے لیے ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی جائے، جو پنچایت کے مکھیا، رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ سمیت تمام متعلقہ عوامی نمائندوں کے مخصوص موبائل نمبروں پر ان کے علاقے کی ہر پنچایت میں روزانہ کتنے گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، اس کی معلومات پہنچائے۔
وزیر اعلیٰ نے آبی میناروں پر سولر پینل کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجوزہ 5 کلوواٹ کے بجائے 20 کلوواٹ صلاحیت والے سولر پینل نصب کیے جائیں، تاکہ اس نظام کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مقامی لوگوں کو مل سکے۔ انہوں نے افسران کو اس سلسلے میں ضروری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ اسکیموں کا نفاذ اس انداز میں کیا جائے کہ پنچایتوں میں بنیادی سہولیات کا فروغ ہو، توانائی کی بچت ہو اور دیہی علاقوں کے عام لوگوں کو بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں۔
میٹنگ میں پنچایتی راج کے وزیر جناب دیپک پرکاش، چیف سکریٹری مسٹر پرتیے امرت، محکمہ مالیات کے پرنسپل سکریٹری مسٹر ونئے کمار، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر این وجے لکشمی، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، محکمہ توانائی کے سکریٹری مسٹر اجے یادو، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، محکمہ تعمیراتِ عمارت کے سکریٹری مسٹر پرنو کمار، محکمہ پنچایتی راج کے سکریٹری مسٹر منوج کمار سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
