تلنگانہ میں اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے مستفیدین کے ساتھ کانگریس رہنماؤں نے دیوالی منائی
حیدرآباد، (یو این آئی) تلنگانہ میں اتوار کو دیوالی کا تہوار ایک خاص انداز میں منایا گیا، جہاں نائب وزیراعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا، کئی وزرا، کانگریس رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے ‘ماں اندراما انٹلو دیپاوالی’ پروگرام کے تحت اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے مستفیدین کے نئے تعمیر شدہ گھروں میں ان کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔
نائب وزیراعلیٰ نے مدھیرا اسمبلی حلقے کے پانچ منڈلوں کے آٹھ گاؤں کا دورہ کیا اور ان خاندانوں کے ساتھ دیوالی منائی، جو اپنے نئے گھروں میں پہلی بار یہ تہوار منا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس تہوار کی حقیقی روح غریبوں کی زندگیوں میں خوشیاں لانے میں مضمر ہے اور اندراما ہاؤسنگ اسکیم حکومت کے فلاحی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے 2023 کی ‘پپلز مارچ’ مہم کے دوران غریبوں کو پکے مکانات فراہم کرنے کے اپنے وعدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس عہد کو پورا کر رہی ہے۔
ریونیو وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے ضلع کھمم کے نیلاکنڈاپلی منڈل کے کورٹلا گوڑم میں پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 40 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے 2.21 لاکھ اندراما مکانات تعمیر کیے ہیں۔ انہوں نے ان مکانات کو غریب خاندانوں کی خودداری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ اسکیم پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔
ٹرانسپورٹ وزیر پونم پربھاکر نے ضلع ہنمکنڈہ کے بھیم دیورپلی اور ایلکاتھرُتی منڈلوں میں مستفیدین کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس موقع پر انہوں نے خاندانوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ان کے ساتھ پٹاخے بھی جلائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی خواہشات پوری کرنے کے لیے مزید مکانات منظور کیے جائیں گے۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے شادنگر کے رکن اسمبلی شنکرایا کے ساتھ شادنگر اسمبلی حلقے کے پوتھورو تھانڈا میں اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے ایک مستفید کے گھر پر دیوالی منائی۔
