گووردھن پوجا پر ملک کے عوام کو وزیر اعظم مود ی کی مبارک باد
نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز گووردھن پوجا کے موقع پر ملک کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر ایک کی زندگی میں نئی توانائی، جوش و خروش، خوشی اور خوشحالی لے کر آئے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے کہا، ”گووردھن پوجا کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو دلی مبارک باد۔ یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں نئی توانائی اور جوش و خروش پیدا کرے۔ میری پراتھنا ہے کہ ہر ایک کی زندگی میں خوشی، اچھی قسمت اور خوشحالی مسلسل بڑھتی رہے۔”مبارک باد کے ساتھ وزیر اعظم نے سنسکرت کا ایک اشلوک بھی شیئر کیا، جس میں بھگوان شری کرشن کی گووردھن دھاری کی شکل کا ذکر کیا گیا ہے۔ گووردھن دھاری سے مراد بھگوان شری کرشن کی وہ شکل ہے، جس میں انہوں نے برج کے لوگوں کو موسلا دھار بارش سے بچانے کے لیے گووردھن پہاڑ کو اپنی انگلی پر اٹھا لیا تھا۔
گووردھن پوجا، جسے انّ کوٹ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، روایتی طور پر ملک کے کئی حصوں میں دیوالی کے اگلے دن منائی جاتی ہے۔ یہ تہوار بھگوان شری کرشن کے اس واقعے کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب انہوں نے بھگوان اندر کی جانب سے برسائی گئی موسلا دھار بارش سے ورنداون کے باشندوں اور ان کے مویشیوں کو بچانے کے لیے گووردھن پہاڑ کو اپنی چھوٹی انگلی پر اٹھا لیا تھا۔ اس واقعے کو عاجزی، عقیدت اور فطرت کے تئیں اظہار تشکر کی اہمیت کی یاد دہانی سمجھا جاتا ہے۔اس تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا، مذہبی تقریبات اور انّ کوٹ تیار کیا جاتا ہے۔ انّ کوٹ مختلف قسم کے کھانے کی اشیا پر مشتمل ہوتا ہے، جسے بھگوان شری کرشن کو بھوگ کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ مندروں اور گھروں میں خصوصی طور پر بھوگ لگانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
