ادبی سرگرمیاں

فوج اور نیشنل بک ٹرسٹ کے اشتراک سے سوپور میں خواتین کے لیے ادبی مقابلے کا انعقاد

سری نگر (یو این آئی) ہندوستانی فوج نے نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا کے اشتراک سے منگل کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور میں واقع گورنمنٹ ڈگری کالج میں خواتین کے لیے ایک ادبی مقابلے کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد نوجوان خواتین میں ادبی سرگرمیوں اور تخلیقی اظہار کو فروغ دینا تھا۔حکام کے مطابق اس پروگرام میں سیکڑوں طالبات نے شرکت کی۔ اس کے ذریعے نوجوان خواتین کو اپنی ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، خیالات کا تبادلہ کرنے اور الفاظ کے ذریعے اپنے نقطۂ نظر کے اظہار کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز میجر موہت شرما آرمی گڈول اسکول، سوپور کے دورے سے ہوا۔ اس کے بعد گورنمنٹ ڈگری کالج، سوپور میں نوجوانوں اور کالج کے طلبہ کے ساتھ ایک تعاملی نشست منعقد کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر کاؤنٹر انسرجنسی فورس (کلو) کی فیملی ویلفیئر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن وشالی نے مقابلے کے فاتحین کو انعامات سے نوازا۔
فوج کے مطابق اس ادبی سرگرمی کا مقصد مطالعے اور تحریر کے رجحان کے ساتھ فکری تجسس کو فروغ دینا اور لڑکیوں میں تخلیقی صلاحیتوں، آزادانہ سوچ اور خود اعتمادی کو مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر اس بات کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی کہ نوجوان خواتین کو ایسے بامعنی پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں جہاں وہ اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں اور تعمیری علمی و فکری مباحث میں حصہ لے سکیں۔
بہت سی شرکاء کے لیے یہ پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں تھا، بلکہ انہیں ایسا موقع فراہم ہوا جہاں ان کی آواز، خیالات اور تخلیقی صلاحیتوں کو اہمیت اور پذیرائی ملی۔
مقابلے میں شریک ایک طالبہ صوبیہ نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوپور میں اس طرح کے پروگرام کا انعقاد دیکھ کر انہیں بے حد مسرت ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ”سوپور کے ایپل ٹاؤن میں اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ ایسے پروگرام طلبہ کو سیکھنے، اپنے خیالات کے اظہار اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ ہندوستانی فوج بھی وقتاً فوقتاً اس طرح کی سرگرمیوں کی حمایت کرتی اور ان کا انعقاد کرتی ہے، جو نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔”
پروگرام میں سیکڑوں طالبات کی پُرجوش شرکت سے ظاہر ہوا کہ نوجوان خواتین میں ادبی اور تعلیمی سرگرمیوں کے تئیں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ اس سے روایتی نصابی تعلیم سے آگے بڑھ کر لڑکیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوششوں کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی۔
ہندوستانی فوج اور نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام نے اس بات کو نمایاں کیا کہ نچلی سطح پر نوجوان صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور تعلیم، ادب و تخلیقی فکر کو فروغ دینے میں مختلف اداروں کی مشترکہ کوششیں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
حکام کے مطابق سوپور میں نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ ایسے میں اس ادبی اجتماع نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ علم، تعلیم اور آزادیٔ اظہار کے ذریعے نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا ایک پراعتماد، باشعور اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔