اتر پردیش

اردو کو زندہ رکھنا اور اس کی تعلیم کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت :نورمحمد قریشی

بلند شہر میں عالمی یوم اردو کے موقع پر آل انڈیا مسلم یوتھ کنونشن کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد

بلند شہر ،ناظم بیگ ؍سماج نیوز سروس: شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے تعلق سے 9 نومبر کو عالمی یوم اردو پر آل انڈیا مسلم یوتھ کنونشن کے زیر اہتمام الفلا ح نیشنل اسکول گرین پارک میں یوم اردو تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں ادبی تعلیمی سماجی حلقوں سے وابستہ شخصیات کے علاوہ طلبہ طالبات اور محبان اردو نے شرکت کی۔ مدرسہ قاسمیہ عربیہ اسلامیہ کے منیجر حاجی نور محمد قریشی کی صدارت اور کنونشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظہیر احمد خاں کی نظامت میں منعقدہ یوم اردو تقریب کا آغاز جامعہ فاروقیہ گرین پارک کے ناظم اعلی قاری محمد طلحہ قاسمی کی تلاوت اور نعت پاک سے ہوا۔
اپنے صدارتی خطاب میں حاجی نور محمد قریشی نے علامہ اقبال کی حیات، ان کے کلام اور اردو کے ماضی حال اور مستقبل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقبال کا کلام حیات نو اور بیداری کا ضامن ہے ۔ہمیں فکر اقبال سے روشنی حاصل کر کے اپنی دنیا کو روشن مستقبل کی طرف لے جانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سارا مذہبی ،تاریخی، ادبی ثقافتی مواد اردو میں ہی ہے، اس لیے اردو کو زندہ رکھنا اور اس کی تعلیم کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی انجینئر محمد خالد صدیقی نے کہا کہ انہیں افسوس اور خوشی دونوں کا احساس ہو رہا ہے ۔افسوس اس کا ہے کہ جس پیمانے پر عالمی یوم اردو منایا جانا چاہیے اس کا فقدان ہے اور خوشی اس بات کی کہ اس تقریب کا پروقار انعقاد ہوا ،جس کے لیے مسلم یوتھ کنونشن کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اردو ہندوستان کی مشترکہ تہذیب اور ثقافتی ہم آہنگی کا قیمتی سرمایہ ہے ۔اس زبان کی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں، ادیبوں اور سماجی شعبوں کو مشترکہ طور پر آگے آنا ہوگا ۔انہوں نے اردو رسائل، کتب، میگزین اور اخبارات کو خرید کر پڑھنے پر زو ر دیا۔
مہمان ذی وقار ضلع اسپورٹس آفیسر نور حسن نے اس موقع پر کہا کہ زبان و ادب معاشرے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا اور مختلف طبقات کو قریب لانے کا ذریعہ ہے۔ اردو کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والی ایسی تقریبات نئی نسل میں ادبی ذوق پیدا کرنے کے ساتھ زبان کی روایت کو آگے بڑھانے میں بھی معاون ثا بت ہوں گی۔
قاری محمد طلحہ قاسمی نے اردو کی بقا و تحفظ اور ترقی کے لیے مدارس کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اردو زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔ ماسٹر اجلال احمد خان نے اردو کے ارتقا اس کی ضرورت اور اہمیت و افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو ایک زبان نہیں بلکہ تہذیب کی پہچان ہے۔ اقرا ء ماڈرن اسکول اکبر پور کے پرنسپل جانشین الطاف نے کہا کہ اقبال فلسفانہ شاعری اور اس میں موجود اسلامی روح اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے اپنی تخلیقات کے ذریعے خود ی خودداری بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کا پیغام دیا، ان کی شاعری آج بھی نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
اس موقع پر قاضی عقیل احمد ،اردو مترجمین ابراہیم خان نوید خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چاہت حسین چاہت نے اردو کی عظمت پر نظم پیش کی ۔یوم اردو کی اس تقریب میں متعدد شخصیات کو اعزاز اور علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جن میں قاری محمد طلحہ قاسمی، جنرلسٹ زبیر شاد، عادل منصوری، صہیب خان ،خادم اردو افضال احمد برنی اور شاعر ارشاد احمد شرر کے نام قابل ذکر ہیں ۔
اس موقع پر اہم شرکاء میں ماسٹر الیاس محمد خان ،مولانا محمد ارسلان، مفتی محمد انس، ماسٹر عارف خان، قاری زبیر عالم ،قاری محمد افضل ،اردو مترجمین اقبال احمد خاں، نظیر احمد، جنید اختر ،اقبال احمد ایڈوکیٹ خورجہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔ اس مو قع پر شکوہ جواب شکوہ اور اقبال کی مختلف غزلیں اور نظموں کی آڈیو بھی پیش کی گئیں۔ جس سے سامعین محظوظ ہو ئے ۔پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر ظہیر احمد خان کے شکریہ کی تحریک پر ساتھیوں نے ’سارے جہاں سے اچھا ‘ ترانہ پیش کیا۔