کونسلر شگفتہ چودھری زبیر علامہ اقبال ایوارڈ سے سر فراز
عوامی مقامات پر اردو کو جگہ ملنے سے نئی نسل کو بھی اس زبان سے جڑنے اور اسے سمجھنے کا موقع ملتا ہے: شگفتہ چودھری زبیر
نئی دہلی: 9 نومبر عالمی یومِ اردو کے موقع پر چوہان بانگر وارڈ کی کونسلر شگفتہ چودھری زبیر کو اردو زبان کے فروغ اور اس کے تحفظ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ عالمی یومِ اردو کے موقع پر غالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور آل انڈیا یونانی طبی کانگریس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔کونسلر کو یہ اعزاز اردو زبان اور اردو ادب سے ان کی دلچسپی اور اسے عام لوگوں تک پہنچانے کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔قابلِ ذکر ہے کہ کونسلر شگفتہ چودھری زبیر نے اپنے وارڈ کی گلیوں میں نصب (نام)نیم پلیٹوں پر ہندی اور انگریزی کے ساتھ اردو زبان کو بھی جگہ دلانے کی پہل کی ہے۔ ان کی اس کوشش کو اردو زبان کے احترام اور اسے عوام میں شناخت دلانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔اس پہل کے ذریعے انہوں نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ملک کی مشترکہ تہذیبی وراثت اور گنگا جمنی تہذیب کا ایک اہم حصہ ہے۔ عوامی مقامات پر اردو کو جگہ ملنے سے نئی نسل کو بھی اس زبان سے جڑنے اور اسے سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔عالمی یومِ اردو کے موقع پر علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا جانا ان کی اسی کوششوں کا اعتراف ہے۔ اس موقع پر اردو کے شائقین اور سماجی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی کونسلر شگفتہ چودھری زبیر اردو زبان کے فروغ اور اس کی ترقی کے لیے اسی طرح سرگرمِ عمل رہیں گی۔اس موقع پر کونسلر کے ہمراہ سید ناصر جاوید، ذیشان خان، غزالہ فضل، راؤ نوید، اختر خان وغیرہ بھی موجود تھے۔
