دہلی شہر

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ہیلتھ کیئرکےموضوع پر سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

نئی دہلی،،پریس ریلیز،ہمارا سماج: فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے مورخہ پانچ نومبر دوہزار چھبیس کو ہیلتھ کیئر، فلاح و بہبود اور مہمان نوازی (اے آئی سی ایچ ڈبلیو ٹی ایچ دوہزار چھبیس) سے متعلق سالانہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد کیا۔ اس کا موضوع ’کیئر ودآٹ بارڈرز: انوویشن ٹو گلوبل ویلنس ایکو سسٹم“ تھا۔ کانفرنس کا اہتمام ہاسپٹل مینجمنٹ اینڈ ہاسپیس اسٹڈیز اور محکمہ ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔کانفرنس میں ممتاز ماہرین تعلیم، محققین، پالیسی سازوں اور صنعت کے پیشہ ور افراد،صحت کی دیکھ بھال، طبی سیاحت، فلاح و بہبود اور مہمان نوازی کے شعبے میں ابھرتے رجحانات اور مواقع پر غور کرنے کے لیے ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔افتتاحی اجلاس میں جن معزز مقررین کے خطبات ہوئے ان میں پروفیسر پنکج کمار گپتا، ڈین، فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز،پروفیسر سارہ حسین، سربراہ، ڈپارٹمنٹ آف ٹورزم اینڈ ہاسپٹالٹی مینجمنٹ؛ ڈاکٹر محسن دہلوی، منیجنگ ڈائریکٹر، دہلوی ریمیڈیز پرائیویٹ لمیٹڈ؛ پروفیسر منوہر سجنانی، ایمیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا؛ مسٹر ابھیشیک ملک، جنرل منیجرسیلز اینڈ مارکیٹنگ، فورٹس ایسکارٹس، اوکھلا؛ اور ڈاکٹر سوروپ سنہا، سربراہ، آئی ٹی سی ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ، آئی ٹی سی ہوٹلز لمیٹڈ شامل ہیں۔مقررین نے عالمی سطح پر صحت کی دیکھ بھال اور تندرستی کے مرکز کے طور پر بھارت کی روزافزوں صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انھوں نے معیاری طبی سہولیات، طب کے روایتی نظاموں، بیماریوں سے بچاؤ اور صحت کی حفاظت، تکنیکی جدت اور مہمان نوازی کی خدمات میں اعلیٰ معیار کی اہمیت پر زور دیا۔مہمانوں کی شرکت کے اعتراف میں انھیں تحائف پیش کیے گئے۔ اس کے بعد، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبہ ہاسپٹل مینجمنٹ اینڈ ہاسپس اسٹڈیز کے سربراہ، ڈاکٹر بھوپندر چودھری نے مہمانان اور حاضرین کا ان کے گراں قدر تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔پینل مباحثے میں ڈاکٹر آر۔ کے۔ سمن، ڈاکٹر پریادرشن سنگھ لکھاوت، پروفیسر آمنہ سلطان، ڈاکٹر بدھان داس اور جناب سید منیر عظمت شامل تھے۔
جنھوں نے بالترتیب سرکاری شعبے، تعلیمی حلقوں اور صنعتی شعبے کی نمائندگی کی۔ ڈاکٹر پوجا شرما کی ِ نظامت ہونے والے اس مباحثے میں صحت کی دیکھ بھال سے متعلق پالیسیوں، تکنیکی پیش رفت، ہنر مند افرادی قوت، ڈیٹا کی رازداری اور صنعت و تعلیمی اداروں کے مابین باہمی تعاون جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس تقریب میں دونوں منتظم شعبوں کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس کے ساتھ ساتھ مختلف ممتاز اداروں کے محققین اور ماہرین تعلیم نے پرجوش شرکت کی۔ مجموعی طور پر پچھتر تحقیقی مقالات موصول ہوئے جو کانفرنس کے موضوعات میں نمایاں علمی دلچسپی کو نشان زد کرتے ہیں۔اختتامی اجلاس میں بہترین مقالہ ایوارڈ کے اعلان کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی اختتامی گفتگو شامل تھی۔کانفرنس کو اپنے صنعتی شراکت داروں کی طرف سے فراخ دلانہ تعاون حاصل ہوا: دہلوی ریمیڈیز پرائیویٹ لمیٹڈ، نیو رائل پروڈکٹس اور ریڈولنس شاندار ڈیزائنر ڈیکور کے تعاون نے جدت، علم کے تبادلے اور پیشہ ورانہ ترقی کو فروغ دینے میں صنعت اورتعلیمی شراکت داری کی اہمیت کو مزید تقویت بخشی۔