بہار نامہ

مدارس اسلامیہ کے تحفظ کیلئے باپو سبھا گار آڈیٹوریم میں تاریخی کنونشن کا انعقادآج

چاروں ریاستوں کے نمائندگان مدارس اور ارباب فکر ودانش کی باوقار موجودگی

ناظم امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈومغربی بنگال مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ امارت شرعیہ کے زیر اہتمام، امیر شریعت بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈومغربی بنگال حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی صدارت میںآج مورخہ 11 ؍نومبر 2026 ء روز بدھ بوقت 10 ؍بجے دن سے پٹنہ کے باپو سبھاگار آڈیٹوریم میںمدارس اسلامیہ کنونشن کے عنوان سے ایک تاریخی اجلاس منعقدہو رہا ہے، جس میں مدارس اسلامیہ کے تحفظ و بقا کے موضوع پر قائدین ملت کا اظہار خیال ہوگا،حضرت امیر شریعت مدظلہ مدارس کے قیام ، نظام اور دیگر کئی اہم پہلوؤں پر اپنا محاضرہ پیش فرمائیں گے اورمدارس کے مسائل ومشکلات پر غور ہو گا نیز مستحکم لائحہ عمل طے کیے جائیں گے ،اس اجلاس میں شرکت کے لیے بہار،اڈیشہ،جھارکھنڈاورمغربی بنگال سے علماء و دانشور ان،سیاسی و سماجی شخصیات، نقباء اور ملی رہنماؤں کی شرکت ہو رہی ہے ،جن مندوبین کرام کی تشریف آوری ہورہی ہے، ان کو ہر طرح سہولت بہم پہنچانے کے لیے رہنما نقشہ بھی شائع کر دیا گیا ہے کہ ان کے قیام و طعام کا نظم کہاں ہے اور گاڑیوں کی پارکنگ کہاں کرنی ہے، انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے سے مہمانوں کو سہولت ہوگی، ناظم صاحب نے کہا کہ کنونشن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،انہوں نے تمام مندوبین سے گذارش کی ہے کہ تمام مندوبین کرام ۱۰؍بجے دن سے پہلے باپو سبھا گار آڈیٹوریم پہونچ جائیں،ان شاء اللہ اجلاس کی کاروائی وقت پر شروع ہو جائے گی ،مدار اسلامیہ کے تحفظ کا موضو ع آج کی تاریخ میں نہایت ہی اہم ہے اوریہ پوری ملت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمارے ملی وجود کی روشن علامت ہے، انہیں مدارس کی برکت سے مساجد کے منبرو محراب آبادہیں ، مدارس سے دینی قائدین ،علماء ومفتیان اورقضاۃتیارہوتے ہیں، جن کی رہنمائی میں ملت اسلامیہ شرعی زندگی گزارتی ہے؛ لیکن موجودہ حالات میں مدارس پر کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں جن کے حل کے لیے ملت کے باشعور طبقہ کو غور کر کے مضبوط اقدام کرنا ہے،ناظم صاحب نے امید ظاہر کی کہ تمام مندوبین اپنی پر وقار موجودگی سے اجلاس کو کامیاب وبامقصد بنائیں گے ، ان شاء  اللہ۔