قومی خبریں

فون ٹیپنگ پر وزیر اعظم معافی مانگیں یا عوامی تحریک کا سامنا کریں: کانگریس

ممبئی (یو این آئی) مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈرنانا پٹولے اور سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے مسٹر راہل گاندھی اور دیگر اپوزیشن لیڈران کے فون مبینہ طور پر ٹیپ کیے جانے پر جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مذمت کی ہے اوروارننگ دی ہے کہ جب تک وزیر اعظم نریندر مودی معافی نہیں مانگتے، تب تک بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے عوامی تحریک شروع کرنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں بچے گا۔
مسٹر پٹولے نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، “بی جے پی نچلی سطح کی سیاست کر رہی ہے، جہاں اپوزیشن رہنماؤں کو بلیک میل کرنے کے لیے افسران سے ان کے فون ٹیپ کروائے جاتے ہیں۔ مسٹر مودی کو آگے آ کر ووٹ چرانے اور اپوزیشن لیڈران کے فون ٹیپ کرنے کا جواب دینا چاہیے۔ انہیں ملک سے عوامی معافی مانگنی چاہیے۔ بصورت دیگر، عوامی تحریک شروع کرنے اور نریندر مودی کی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں بچے گا۔”
انہوں نے کہا، “پوری ریاست جانتی ہے کہ میرا فون ٹیپ کیا گیا تھا۔ میرا فون ٹیپ کرنے والی آئی پی ایس افسر رشمِی شکلا کو مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی حکومت آنے پر مرکز میں ڈیپوٹیشن پر بھیج دیا گیا تھا۔ مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس انہیں واپس مہاراشٹر لے آئے اور مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کے طور پر دو سال کی مدت کار میں توسیع دے کر انہیں نوازا۔” مہاراشٹرریاستی خفیہ محکمہ کی سابق سربراہ آئی پی ایس افسر رشمِی شکلا کو مسٹر فڑنویس کا قریبی مانا جاتا ہے۔
مسٹر گاندھی اور اپوزیشن رہنماؤں کے فون مبینہ طور پر ٹیپ کیے جانے کو لے کر بی جے پی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا، “اس سے پہلے، اسرائیلی پیگاسس سافٹ ویئر کا استعمال کرکے اہم اپوزیشن رہنماؤں کے فون ٹیپ کرنے کی اطلاعات بین الاقوامی سطح پر سامنے آئی تھیں۔ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے فون ٹیپنگ ممکن ہے، لیکن اعلیٰ ترین سطح کی ہدایات کے بغیر ایسی کارروائی ناممکن ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ یا وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر اہم سیاسی مخالفین کے فون ٹیپ کرنا ناممکن ہے۔”
قابل ذکر ہے کہ مسٹر پٹولے ان پہلے اہم اپوزیشن رہنماؤں میں سے ایک تھے، جنہوں نے 10 جولائی 2021 کو ریاستی قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران یہ الزام لگایا تھا کہ بی جے پی حکومت اپوزیشن رہنماؤں کے فون ٹیپ کر رہی ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے مسٹر پٹولے کے فون ٹیپنگ کے الزامات کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی، جب وہ مہاراشٹر کانگریس کے صدر تھے۔ بعد میں، مئی 2022 میں، مہاراشٹر کانگریس کے صدر رہتے ہوئے مسٹر پٹولے نے اپنے فون کی مبینہ غیر قانونی ٹیپنگ کے لیے آئی پی ایس افسر اور مہاراشٹر اسٹیٹ انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کی سابق سربراہ رشمِی شکلا اور دیگر کے خلاف یہاں ایک دیوانی عدالت میں 500 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
مسٹر پٹولے کی جانب سے مبینہ غیر قانونی فون ٹیپنگ کے ذریعے جمع کی گئی معلومات کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مستقل حکم امتناعی کا مطالبہ کرنے کے بعد، سول جج وائی بی گورے نے آئی پی ایس افسر شکلا اور دیگر کو نوٹس جاری کیا تھا۔
قابل غور ہے کہ ممبئی پولیس نے بھی فون کی مبینہ غیر قانونی ٹیپنگ کے معاملے کے سلسلے میں آئی پی ایس افسر شکلا کا بیان درج کیا تھا، جس کے بعد ممبئی کی کولابہ پولیس نے انڈین ٹیلی گراف ایکٹ اور قانون کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت آئی پی ایس افسر شکلا کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ یہ کارروائی سینئر پولیس افسر راجیو جین کی شکایت کے بعد کی گئی تھی، جنہوں نے آئی پی ایس افسر شکلا پر شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت اور این سی پی رہنما ایکناتھ کھڈسے کے فون نمبروں کو نگرانی پر رکھنے کا الزام لگایا تھا۔