اتر پردیش

وارانسی میں چھٹھ پوجا اور دیو دیوالی پر عقیدت مندوں کی حفاظت کے پختہ انتظامات کی ہدایت

وارانسی (یو این آئی۔) چھٹھ پوجا اور عالمی شہرت یافتہ دیو دیوالی تہوار کے موقع پر عقیدت مندوں کی ممکنہ بھیڑ کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن نے حفاظت، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کے انتظامات تیز کردیئے ہیں۔ میئر اشوک کمار تیواری نے گھاٹوں پر بھیڑ کو قابو میں رکھنے، پانی سے متعلق پولیس کے ساتھ تال میل اور حفاظت کے پختہ انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔میئر نے کہا کہ بڑے تہواروں کے دوران گھاٹوں پر آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں اور ملک و بیرون ملک سے پہنچنے والے سیاحوں کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔ اس معاملے میں کسی بھی سطح پر لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو گھاٹوں کی صفائی، روشنی کے مناسب انتظامات، ٹوٹی ہوئی سیڑھیوں کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کو وقت پر درست کرانے کی ہدایات دیں۔ اس کے ساتھ ہی گھاٹوں پر جمع گاد اور کچرے کو فوری طور پر ہٹانے اور مناسب روشنی کے لیے ہائی ماسٹ اور اسٹریٹ لائٹوں کے انتظامات درست کرنے کو بھی کہا۔میئر نے کہا کہ چھٹھ پوجا اور دیو دیوالی کاشی کے عقیدے اور ثقافتی روایت کے اہم تہوار ہیں۔ ایسے میں عقیدت مندوں کی سہولت، حفاظت اور صفائی کے معیار پر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔