اتر پردیش

متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر چلتی بس شعلوں کی زد میں آئی، 40 مسافروں نے کود کر جان بچائی

متھرا (یو این آئی) متھرا ضلع کے رایا تھانہ علاقے کے تحت یمنا ایکسپریس وے پر واقع رایا کٹ پل پر ہفتہ کی دیر رات ایک چلتی سلیپر بس میں اچانک آگ لگنے سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔دہلی سے مدھیہ پردیش کے چھترپور جا رہی اس بس میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے۔ آگ کے شعلے اٹھتے دیکھ کر مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی، تاہم وقت رہتے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق کھجوراہو ٹریولس کی بس کا ڈرائیور جتیندر (رہائشی نوگاؤں، چھترپور) اسے دہلی کے کشمیری گیٹ سے چھترپور لے جا رہا تھا۔ رایا کٹ پل پر پہنچتے ہی اچانک بس کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوگیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری بس کو اپنی زد میں لے لیا، جس سے بس اور مسافروں کا تمام سامان جل کر خاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات تقریباً 1:38 بجے بس میں آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی رایا تھانے کے انچارج انسپکٹر پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور فوری طور پر فائر بریگیڈ کے محکمے کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر پوری طرح قابو پالیا۔
مہاون کے سی او سنجیو کمار رائے نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر راحت رسانی کا کام شروع کردیا۔ بس میں سوار تمام 40 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ابھی تک کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ شکایت ملنے پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔