کھیل کھلاڑی

ویبھو سوریہ ونشی مردوں کے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم عمر کپتان بن گئے

اندور،  (یو این آئی) 15 سال اور 232 دن کی عمر میں ویبھو سوریہ ونشی نے مردوں کے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم عمر کپتان بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے 2026-27 سید مشتاق علی ٹرافی میں بہار کی جانب سے سوراشٹر کے خلاف افتتاحی مقابلے میں میدان میں اترتے ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ سوراشٹر کی قیادت جے دیو انادکٹ کر رہے تھے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ کروشیا کے زیک ووکوسک کے نام تھا، جنہوں نے 17 سال اور 311 دن کی عمر میں اپنی قومی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔

یہ ویبھو کے مختصر کیریئر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے۔ اس سے محض پانچ ماہ قبل انہوں نے ہندوستان کے لیے ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، جبکہ دس ماہ سے بھی کم عرصہ پہلے زمبابوے میں ہندوستان کو انڈر 19 عالمی کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ویبھو کی ٹیم میں شمولیت بہار کے لیے حوصلہ افزا ہے، جو 2026-27 رنجی ٹرافی سیزن کے پہلے مرحلے میں مسلسل چار شکستوں کے بعد مشکلات سے دوچار ہے۔ تاہم، ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کے بعد ویبھو صرف 12 گیندوں پر 18 رن بنا سکے۔ انہیں بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز چیتن سکاریہ نے کیچ اینڈ بولڈ آؤٹ کیا۔

اس مقابلے کے بعد ویبھو سید مشتاق علی ٹرافی میں صرف ایک اور میچ کھیل سکیں گے، جس کے بعد وہ 19 نومبر سے دوحہ میں شروع ہونے والے اے سی سی رائزنگ اسٹارز ایمرجنگ ٹورنامنٹ کے لیے انڈیا اے ٹیم سے جڑ جائیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

ویبھو نے حال ہی میں نیوزی لینڈ کے دورے پر ہندوستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے 19 گیندوں پر 45 رن بنائے تھے۔ اس دوران انہوں نے ابھیشیک شرما کے ساتھ محض 7.1 اوور میں 133 رن کی ابتدائی شراکت قائم کی تھی۔ انہوں نے اس سیریز میں مجموعی طور پر دو ٹی 20 بین الاقوامی مقابلے کھیلے تھے، جس میں ہندوستان نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ہفتے کا یہ مقابلہ بہار کے لیے ویبھو کا آٹھواں اور مجموعی طور پر ان کے کیریئر کا 44واں ٹی 20 میچ تھا۔ ان میں سے 23 مقابلے انہوں نے آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلے ہیں۔ گزشتہ نومبر میں انہوں نے اے سی سی رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں انڈیا اے کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف 42 گیندوں پر 144 رن بنا کر کسی ہندوستانی بلے باز کی جانب سے مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین ٹی 20 سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔