بہار نامہ

بھگوان سورج توانائی کے ابدی سرچشمہ، بہار میں صدیوں سے سورج بھگوان کی پوجا کی روایت: سمراٹ

چھٹھ مہاپرَو کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھوجپور ضلع کے تراری میں واقع قدیم دیو سوریہ مندر کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا

پٹنہ، : وزیر اعلیٰ جناب سمراٹ چودھری نے آج لوک سیوک آواس واقع ’سنکلپ‘ آڈیٹوریم میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھوجپور ضلع کے تراری میں واقع دیو سوریہ مندر کے احاطے میں 14.78 کروڑ روپے کی لاگت سے کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا ریموٹ کے ذریعے افتتاح کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے اس پروگرام میں تمام لوگوں کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ آج چھٹھ مہاپرَو کا دوسرا دن ہے۔ بھگوان سوریہ نارائن کے قدموں میں عقیدت کے پھول نذر کرتے ہوئے ریاست کے تمام باشندوں کو چھٹھ مہاپرَو کی دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ آج 14.78 کروڑ روپے کی لاگت سے بھوجپور ضلع کے تراری میں واقع دیو سوریہ مندر کے احاطے میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ تراری کے باشندوں سمیت ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے۔ اس موقع پر محکمہ سیاحت کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیو سوریہ مندر انتہائی قدیم اور مذہبی عقیدت کااہم مرکز ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند بھگوان سورج کی پوجا کے لیے پہنچتے ہیں۔ بھوجپور ضلع کے تراری میں واقع دیو سوریہ مندر میں بہت قدیم مورتیاں ہیں۔ اس احاطے کی ترقی سے مذہبی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ مندر کی ترقیاتی سرگرمیوں سے عام لوگوں اور عقیدت مندوں کو کافی سہولت ملے گی، جس سے اس مذہبی مقام کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھٹھ مہاپرَو بہار کا اپنا ایک اہم تہوار ہے۔ بہار میں صدیوں سے بھگوان سورج کی پوجا کی روایت چلی آ رہی ہے۔ بھگوان سورج توانائی کے ابدی سرچشمہ ہیں اور پوری کائنات کو زندگی اور توانائی فراہم کرتے ہیں۔ چھٹھ مہاپرَو ہماری گہری عقیدت، مالا مال ثقافتی وراثت اور فطرت کے تئیں احترام کی علامت ہے۔ اس تہوار میں لوگ پوری عقیدت اور خلوص کے ساتھ بھگوان بھاسکر کی پوجا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مذہبی اور ثقافتی مقامات کی ترقی کے ساتھ ساتھ عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ اسی مقصد کے تحت ’سیوا سنکلپ اور کایاکلپ مہم‘ کے ذریعے مختلف گھاٹوں کی تعمیر اور ترقی کرائی جا رہی ہے، تاکہ چھٹھ ورت رکھنے والوں اور عقیدت مندوں کو تہوار کے دوران بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چھٹھ مہاپرَو کے دوران تمام لوگ محفوظ رہیں اور تمام ضروری انتظامات بہتر طریقے سے انجام پائیں، اس کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو عقیدت مندوں کی سہولت، حفاظت اور ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے ریاست کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ چھٹھ مہاپرَو کو پوری عقیدت، امن اور بھائی چارے کے ساتھ مل جل کر منائیں۔ انہوں نے بھگوان بھاسکر سے دعا کی کہ ان کے کرم سے بہار مسلسل ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھے اور ترقی یافتہ ہندوستان کا عزم پورا ہو۔
پروگرام میں محکمہ سیاحت کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ نے وزیر اعلیٰ کو سبز پودا پیش کرکے ان کا خیرمقدم کیا۔ مسٹر لوکیش کمار سنگھ نے پریزنٹیشن کے ذریعے دیو گرام میں سوریہ مندر کے احاطے میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ اس احاطے میں منگل بھون (جی+ )1تعمیر کرایا گیا ہے، جس سے شادی اور دیگر مبارک تقریبات کے انعقاد میں لوگوں کو سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ عقیدت مندوں اور سیاحوں کے قیام اور آرام کرنے کا بھی انتظام ہوگا۔یہاں چھٹھ گھاٹ بھی تعمیر کرایا گیا ہے، جس سے لوگوں کو چھٹھ مہاپرَو منانے میں سہولت ہوگی اور مندر کا احاطہ خوبصورت اور دلکش نظر آئے گا۔ مندر کے احاطے کی چہار دیواری کے ساتھ فٹ پاتھ اور مرکزی دروازے کو بھی خوبصورت انداز میں تعمیر کرایا گیا ہے، جو سیاحوں اور عقیدت مندوں کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب بجیندر پرساد یادو، سیاحت کے وزیر جناب کیدار پرساد گپتا، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری اور محکمہ سیاحت کے سکریٹری مسٹر لوکیش کمار سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ، محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر مسٹر ادین مشرا، محکمہ سیاحت کے جوائنٹ سکریٹری مسٹر پردیپ کمار سنگھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، ضلع مجسٹریٹ، ایس پی ، دیگر افسران، معزز شخصیات اور مقامی لوگ بھی اس پروگرام سے منسلک تھے۔