اداریہ ؍مضامین

یوپی میں دلت ووٹوں کی نئی منڈی اور اپوزیشن کی سیاسی بساط

اتر پردیش کی سیاست میں ابھی انتخابی بگل پوری طرح بجا بھی نہیں ہے کہ دلت ووٹوں کے لیے نئی نئی دکانیں کھلنے لگی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جو پارٹیاں ایک دوسرے کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتی رہی ہیں، وہی اب ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی اتحاد کے امکانات تلاش کر رہی ہیں۔ اس نئی صف بندی میں اسد الدین اویسی، چندر شیکھر آزاد، راج بھر اور مایاوتی کے نام الگ الگ زاویوں سے سامنے آ رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس ساری سیاسی سرگرمی کا اصل ہدف کیا ہے اور اس کا اثر اکھلیش یادو کے پی ڈی اے فارمولے پر کیا پڑے گا؟
اسد الدین اویسی کی سیاست کا ایک مستقل حوالہ مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی اور اقتدار میں ان کی حصہ داری رہا ہے۔ لیکن اتر پردیش میں اگر وہ چندر شیکھر آزاد کو وزارت اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر آگے بڑھانے پر آمادہ ہیں تو یہ ایک اہم سیاسی تبدیلی ہے۔ آخر وہ کون سا سیاسی حساب کتاب ہے جس کے تحت مسلمانوں کو اقتدار میں حصہ دار بنانے کی بات کرنے والی مجلس ایک دلت چہرے کو وزارت اعلیٰ کے لیے پیش کرنے پر تیار ہوئی ہے؟ کیا یہ محض دلت اور مسلم ووٹوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش ہے یا اس کے پیچھے کوئی وسیع تر انتخابی حکمت عملی کام کر رہی ہے؟
دوسری طرف راج بھر کی ممکنہ آمد کی خبریں بھی اس محاذ کو مزید دلچسپ بنا رہی ہیں۔ جو راج بھر فی الحال بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر وہ بھی اس اتحاد کا حصہ بن جاتے ہیں تو سوال اٹھے گا کہ ان کی سیاسی وفاداری میں تبدیلی کا محرک کیا ہے؟ سیاست میں اتحاد اور اختلاف دونوں کے پیچھے اصولوں سے زیادہ انتخابی امکانات کارفرما ہوتے ہیں، لیکن عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان نئے اتحادوں میں ان کے مسائل اور حقوق کی جگہ کہاں ہے۔
مایاوتی بھی اب دوبارہ اپنی سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کے لیے دلت ووٹوں کی سیاست کوئی نئی بات نہیں، بلکہ یہی ان کی سیاسی شناخت اور طاقت کا بنیادی سرمایہ رہا ہے۔ اب صورت حال یہ ہے کہ دلت ووٹوں پر دعوے داروں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ایک طرف مایاوتی ہیں، دوسری طرف چندر شیکھر آزاد ہیں اور تیسری طرف راج بھر بھی اس طبقے کی سیاست میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے میں دلت ووٹوں کی تقسیم کا امکان اپنی جگہ ایک بڑا سوال بن کر کھڑا ہے۔
لیکن اس سیاسی بساط کا سب سے دلچسپ پہلو اکھلیش یادو کا پی ڈی اے فارمولہ ہے۔ پچھڑے، دلت اور اقلیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے انہوں نے جس پی ڈی اے کا نعرہ بلند کیا تھا، اب اسی فارمولے کے تینوں طبقات میں سیاسی دعوے دار پیدا ہو رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب دلت ووٹوں کے لیے الگ الگ محاذ بنیں گے، مسلم ووٹوں کو اپنی طرف کھینچنے کی کوششیں ہوں گی اور پسماندہ طبقات کے لیے بھی الگ سیاسی صف بندیاں ہوں گی تو اکھلیش یادو کے پی ڈی اے کا سیاسی جغرافیہ کیا رہ جائے گا؟
ادھر بی جے پی کی سیاست کو بھی اس پورے منظرنامے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ پانچ کلو مفت اناج کی اسکیم سے لے کر مذہبی شناخت کی سیاست تک، بی جے پی نے اپنے ووٹوں کو منظم رکھنے کے لیے مختلف راستے اختیار کیے ہیں۔ اب اگر مسلم اور دلت ووٹوں کے درمیان سیاسی مقابلہ بڑھتا ہے تو اس کا فائدہ کس کو پہنچے گا، یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے۔ کیا اپوزیشن کی یہ نئی صف بندیاں محض اتفاق ہیں یا ان کے انتخابی نتائج بی جے پی کے لیے کسی سیاسی سہولت کا سبب بن سکتے ہیں؟ اس بارے میں ابھی کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا، لیکن ووٹوں کی تقسیم کا امکان نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
یہاں ایک بنیادی سوال اور بھی ہے۔ کیا مسلمانوں اور دلتوں کی سیاست صرف الگ الگ قیادتیں پیدا کرنے اور انتخابی اتحاد بنانے تک محدود رہے گی یا ان طبقات کے درمیان مشترکہ سیاسی مفادات کی کوئی مضبوط بنیاد بھی تیار ہوگی؟ محض کسی مسلمان یا دلت رہنما کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار بنا دینے سے سماجی انصاف کا خواب پورا نہیں ہوتا۔ اس کے لیے تعلیم، روزگار، تحفظ، سیاسی نمائندگی اور معاشی خودمختاری کا واضح پروگرام بھی ضروری ہے۔
اتر پردیش کی سیاست میں اب اصل امتحان نعروں کا نہیں، سیاسی حکمت عملی اور عوامی اعتماد کا ہے۔ اویسی اور چندر شیکھر آزاد نے اپنا محاذ بنا لیا ہے، راج بھر کی ممکنہ شمولیت کی خبریں گردش کر رہی ہیں اور مایاوتی اپنی سیاسی زمین دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ لیکن اس سارے کھیل میں ایک سوال سب سے زیادہ اہم ہے: کیا یہ تمام سیاسی قوتیں واقعی بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے میدان میں ہیں یا ہر ایک اپنی اپنی سیاسی زمین بچانے اور بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے؟
اتر پردیش میں 2027 کا انتخاب صرف حکومت بنانے کی جنگ نہیں ہوگا، بلکہ یہ بھی طے کرے گا کہ دلت، پسماندہ اور اقلیتی ووٹوں کی سیاست مشترکہ سیاسی طاقت بنے گی یا الگ الگ سیاسی دکانوں میں تقسیم ہوکر رہ جائے گی۔