Featured

ہند-جاپان ٹو پلس ٹو مذاکرات کے لیے راجناتھ اور جے شنکر جاپان کے سرکاری دورے پر

دونوں وزرا دونوں ممالک کے درمیان چوتھے ہند-جاپان ٹو پلس ٹو مذاکرات میں شرکت کریں گے

نئی دہلی،  (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر بدھ سے جاپان کے سرکاری دورے پر رہیں گے جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان چوتھے ہند-جاپان ٹو پلس ٹو مذاکرات میں شرکت کریں گے۔وزارت خارجہ نے آج بتایا کہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔مسٹر سنگھ جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئیزومی کے ساتھ وزیر دفاع کی سطح کی میٹنگ کریں گے۔ وہیں، وزیر خارجہ ایس جے شنکر جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی کے ساتھ ہند-جاپان وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ مسٹر جے شنکر اس دوران تیسرے رائسینا ٹوکیو پروگرام میں بھی شریک ہوں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ مذاکرات 2024 میں دارالحکومت دہلی میں ہوئے تھے۔اس دورے میں ہندستان اور جاپان گزشتہ سال اگست اور اس سال جولائی میں ہونے والے 15ویں اور 16ویں سالانہ سربراہ اجلاسوں میں طے پانے والے اتفاق رائے کا جائزہ لیں گے۔ اس کا مقصد باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
ہندستان اور جاپان کی خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری جمہوریت، آزادی اور قانون کی حکمرانی کے احترام جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ دونوں ممالک پرامن، خوشحال اور مضبوط بحر ہند و بحر الکاہل (انڈو پیسیفک) خطے کے لیے آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے عزم میں بھی شریک ہیں۔
یواین آئی۔الف الف