پنچایت انتخابات چھ ماہ ملتوی کرنے کی تیاری!
کابینہ کے اجلاس میں پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر دوبارہ توسیع مل سکتی ہے
لکھنؤ، (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں بدھ کی شام چار بجے وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ پر ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں دو درجن سے زائد تجاویز کو منظوری ملنے کا امکان ہے۔اجلاس میں سہ سطحی پنچایتی انتخابات کو چھ ماہ کے لیے ملتوی کرنے اور سبکدوش ہونے والے گرام پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر (منتظم) چھ ماہ کی اضافی مدت کار دینے سے متعلق تجویز کو نمایاں طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس کے لیے اتر پردیش پنچایت راج (ترمیمی) آرڈیننس-2026 کو منظوری دی جا سکتی ہے۔ فی الحال سبکدوش ہونے والے گرام پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر سونپی گئی ذمہ داریوں کی مدت 26 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ایسے میں حکومت اس مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مخصوص پسماندہ طبقات کمیشن کی مدت کار میں بھی چھ ماہ کی توسیع کی تجویز ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی پالیسی میں ترمیم نیز ایف ڈی آئی، ایف سی آئی، فارچیون گلوبل-500 اور فارچیون انڈیا-500 سرمایہ کاری حوصلہ افزائی پالیسی-2023 کی دوسری ترمیم سے متعلق تجاویز پر بھی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بارہ بنکی میں 221.42 کروڑ روپے کی لاگت سے صنعتی کلسٹر قائم کرنے، رانی لکشمی بائی مہیلا سمان کوش کے قواعد میں تبدیلی، علاقائی رابطہ اسکیم (ریجنل کنیکٹیویٹی اسکیم) کے اگلے مرحلے کے لیے مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کرنے اور سلک پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ کے کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی تجاویز بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔اجلاس میں صنعتی ترقی، داخلہ، جنگلات، کان کنی اور تعلیم سمیت مختلف محکموں کی تجاویز پر بھی غور کر کے انہیں منظوری دی جا سکتی ہے۔
