Featured

لشکر طیبہ کا انتہائی مطلوب کمانڈر محمد لطیف بٹ ایک مسجد کے اندر محصور

سری نگر،  (یو این آئی) پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے گاؤں زنگل پورہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جاری ایک مڈبھیڑ کے دوران لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا انتہائی مطلوب کمانڈر محمد لطیف بٹ ایک مسجد کے اندر محصورگیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کلگام عنایت علی چودھری نے بتایا کہ یہ مڈبھیڑ جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات اور دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر شروع کیے گئے ایک مربوط آپریشن کے نتیجے میں پیش آئی۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور بٹ کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لیے بار بار کوششیں کی گئیں، جن میں ایک ویڈیو کال بھی شامل ہے۔
ایس ایس پی نے نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم نے اس کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کی۔ میرے اور سی او 9 آر آر (کمانڈنگ آفیسر 9 راشٹریہ رائفلز) کے درمیان اس سے طویل گفتگو ہوئی۔ ہم نے اسے ہتھیار ڈالنے پر قائل کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ ابھی اس کی عمر بہت کم ہے، لیکن اس نے بات نہیں مانی۔”چودھری کے مطابق، ہتھیار ڈالنے کے بار بار اعلانات کے باوجود بٹ ایک مسجد میں داخل ہو گیا۔ بعد ازاں اس نے دوپہر تقریباً 2:45 بجے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے جھڑپ شروع ہو گئی۔ایس ایس پی نے کہا کہ مسجد کی وجہ سے سکیورٹی فورسز انتہائی تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا، “مسجد کی وجہ سے ہم نے انتہائی صبر و تحمل سے کام لیا ہے۔ مسجد محاصرے کے عین درمیان میں ہے اور ایک دہشت گرد اس کے اندر سے فائرنگ کر رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز مذہبی عمارت کو کم سے کم نقصان پہنچاتے ہوئے دہشت گرد کو بے اثر کرنے کے لیے تمام ممکنہ متبادل پر غور کر رہی ہیں۔مسٹر چودھری نے کہا، “ہم وقت کے ساتھ دہشت گرد کو بے اثر کر دیں گے۔ ہمارے پاس وقت اور دن کی روشنی دونوں موجود ہیں۔”
پیر کے بعد ضلع کلگام میں یہ دوسری مڈبھیڑہے۔ پیر کے روز فائرنگ کے ایک تبادلے میں بٹ کا مبینہ ساتھی عمر نثار ڈار مارا گیا تھا۔بٹ، جس پر گزشتہ ہفتے سی آر پی ایف کے ایک جوان پر ہونے والے حملے سمیت کئی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، مبینہ طور پر پیر کے تصادم کے دوران فرار ہونےمیں کامیاب ہو گیا تھا۔
اس پر 15 لاکھ روپے کا انعام مقرر ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس علاقے میں بچا ہوا آخری مقامی انتہا پسند ہے۔