بی جے پی رکن اسمبلی کے بھتیجے اور بھتیجی بی ایس ایف اہلکاروں پر حملے کے معاملے میں گرفتار
اگرتلہ، 18 نومبر (یواین آئی) تریپورہ پولیس نے باکسا نگر کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی تفضل حسین کے بھتیجے کوثر احمد اور بھتیجی شیولی اختر کو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں پر حملے کے معاملے میں گرفتار کرلیا ہے۔
یہ گرفتاریاں رواں ماہ کی 2 تاریخ کو سپاہی جالا ضلع کے آشاباڑی علاقے میں پیش آئے پرتشدد واقعے کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔ ان گرفتاریوں کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے اور تحقیقات جاری رہنے کے درمیان رکن اسمبلی پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
رکن اسمبلی کے بھتیجے اور بھتیجی پر بی ایس ایف اہلکاروں پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ یہ اہلکار اس علاقے میں سرحد پار سے ہونے والی اسمگلنگ روکنے کی کوشش کررہے تھے، اسی دوران 2 نومبر کو ان پر حملہ کیا گیا تھا۔ کوثر اس واقعے کے بعد سے فرار تھا۔ پولیس کو اس کے ٹھکانے کے بارے میں اطلاع ملی، جس کے بعد پیر کی دیر رات باکسا نگر تھانہ علاقے کے ایک جنگلاتی مقام سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
کوثر سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر چند گھنٹوں بعد شیولی کو بھی اس معاملے میں گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، پولیس نے اس سے قبل اسی واقعے کے سلسلے میں کوثر کی والدہ سوکنتارا بیگم اور چھوٹے بھائی حفیظ الرحمٰن کو بھی گرفتار کیا تھا۔ ان گرفتاریوں نے اس معاملے کو سیاسی رنگ دے دیا ہے۔
ملزمان کے موجودہ رکن اسمبلی سے قریبی تعلقات کے باعث اس معاملے پر عوام اور سیاسی حلقوں کی گہری نظر رہے گی۔ اس واقعے نے بی ایس ایف اہلکاروں پر حملے میں مسٹر حسین کے رشتہ داروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے رکن اسمبلی تفضل حسین نے تریپورہ کے مقامی باشندوں کی ‘تیپراسا’ برادری کے طرز زندگی اور کھانے پینے کی عادات کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کرکے تنازع کھڑا کردیا تھا۔ اس معاملے میں 16 نومبر کو قبائلی یوتھ فیڈریشن (ٹی وائی ایف) کی شکایت پر مغربی اگرتلہ پولیس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔
ریاستی بی جے پی نے بھی مسٹر حسین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن کے اندر تحریری وضاحت طلب کی ہے۔ انہوں نے عوامی طور پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد قبائلی برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔
