Featured

11 ماہ بعد جیل سے رہا ہوئے سماجوادی پارٹی کے رہنما اعظم خان

غازی آباد،  (یو این آئی۔) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما محمد اعظم خان بدھ کی شام غازی آباد کی ڈاسنا جیل سے رہا ہو گئے۔ وہ تقریباً 11 ماہ بعد جیل سے باہر آئے ہیں۔جیل سے رہائی کے بعد ان کے دونوں بیٹوں ادیب اور عبداللہ نے باہر آکر ان کا استقبال کیا۔ اعظم خان کی رہائی کا پروانہ بدھ کی شام تقریباً ساڑھے 4 بجے ڈاسنا جیل پہنچا تھا۔ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ اس دوران جیل کے باہر 500 سے زیادہ حامی موجود تھے۔ ان کی منہ بولی بیٹی ایکتا کوشک بھی جیل پہنچی تھیں۔قابل ذکر ہے کہ اعظم خان 31 اکتوبر کو رام پور جیل سے رہا ہوئے تھے، لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انہیں فوراً گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ غازی آباد کی ڈاسنا جیل میں بند تھے۔اس دوران بدھ کی صبح ای ڈی نے اعظم خان کی عبوری ضمانت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے معاملے کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر جج نے ای ڈی کی عجلت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کو ضمانت پر رہنے دیجیے، اس سے آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا۔