ہندوستان میں دنیا کی بہترین نوجوان صلاحیتیں موجود ہیں: مرمو
نئی دہلی، (یواین آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان میں دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی کے ساتھ ساتھ بہترین نوجوان صلاحیتیں بھی موجود ہیں، جس کی مثال شری رام کالج آف کامرس جیسے ادارے ہیں۔محترمہ مرمو نے آج یہاں کالج کی صد سالہ تقریبات کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کو عالمی معیار کا بنانا ضروری ہے۔ اس سے ہندوستان کو عالمی علمی طاقت بنانے کے ہدف کو تقویت ملے گی اور ملک و بیرون ملک کے باصلاحیت طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے راغب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ 10 برسوں کے دوران دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں شامل رہا ہے۔ اس عرصے میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع، ڈیجیٹل تبدیلی، مالی شمولیت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حالیہ برسوں میں تقریباً 50 کروڑ افراد انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں۔صدر جمہوریہ نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان دولت کی تخلیق کے ساتھ قومی تعمیر میں بھی تعاون دیں، محروم طبقات کے لیے مواقع پیدا کریں اور اخلاقیات، حساسیت اور ہندوستانی اقدار کے ساتھ پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کالج سے وابستہ افراد ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کی تعمیر میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
