ووٹ چور، گدی چھوڑ تبصرے سے متعلق جیاکومو فلیبیک کے ویڈیو ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں 20 نومبر کو سماعت
نئی دہلی، (یواین آئی) سپریم کورٹ نے بدھ کو اطالوی سیاست داں جیاکومو فلیبیک کی ایک متنازعہ ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی کو 20 نومبر کو سماعت کے لیے فہرست بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔مسٹر فلیبیک کچھ دن پہلے تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں منعقدہ بھارت سمٹ 2026′ میں اپنی تقریر کے دوران مبینہ طور پر ووٹ چور، گدی چھوڑ’ کہتے اور غیر ملکی مندوبین کے لیے اس کا انگریزی میں ترجمہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔پارٹی آف یوروپین سوشلسٹس کے جنرل سکریٹری مسٹر فلیبیک اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی شرکاء میں شامل تھے۔ اس کانفرنس کا انعقاد تلنگانہ حکومت نے سمردھ بھارت فاؤنڈیشن’ سمیت دیگر تنظیموں کے اشتراک سے کیا تھا اور اس میں تقریباً 70 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے وکیل سید رضوان احمد نے اس معاملے کو فوری طور پر سماعت کے لیے فہرست بند کرنے کی درخواست پیش کی۔ مسٹر احمد نے الزام لگایا کہ مسٹر فلیبیک نے حکومت پر تنقید کرکے اور اپوزیشن کی کھلی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے جمہوری عمل اور داخلی سیاست میں براہ راست مداخلت کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ”ووٹ چور، گدی چھوڑ” کا نعرہ استعمال کیا تھا اور یہ اپوزیشن کا ایک سیاسی نعرہ بن گیا ہے۔
مسٹر احمد نے بنچ کو بتایا کہ مسٹر فلیبیک نے چوٹی کانفرنس میں موجود دیگر غیر ملکی نمائندوں کے لیے اس نعرے کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے دلیل دی کہ اسی تقریر کے دوران مسٹر فلیبیک نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ہندوستان میں حکومت بدعنوان اور غیر مستند ہے، اور وہ اور دیگر لوگ ملک کے جمہوری عمل کو بحال کرنے، اس کا تحفظ کرنے اور اسے محفوظ رکھنے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ان تبصروں کو ہندوستان کے داخلی سیاسی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے وکیل احمد نے کہا کہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر مسلسل نشر ہو رہی ہے اور اسے ہٹانے کے لیے عدالت کی مداخلت ضروری ہے۔ عرضی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مسٹر فلیبیک کے تبصروں پر مشتمل ویڈیو ہٹانے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
