دہلی شہر

آئی آئی ٹی ایف 2026میں جدید ٹیکنالوجی اور ہندوستانی ورثے کا امتزاج ’پلے ورس منڈپم‘ عوام کی توجہ کا مرکز

نئی دہلی،،سماج نیوز:45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تفریح اور ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو یکجا کرنے کے لیے ’پلے ورس منڈپم‘ کے نام سے ایک منفرد تجرباتی زون قائم کیا گیا ہے۔ ہنگامہ کے ڈیجیٹل پارٹنرشپ میں تیار کردہ اس زون میں گیمنگ، ورچوئل ریئلٹی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تخلیقی تجربات اور انٹرایکٹو تنصیبات کے ذریعے زائرین کو تفریح کا ایک نیا انداز فراہم کیا جا رہا ہے۔نئی نسل، خصوصاً جنریشن زی (Gen Z) کو ذہن میں رکھ کر تیار کیے گئے اس زون میں زائرین کو کھیلنے، مقابلہ کرنے، تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور نئی ٹیکنالوجی کو قریب سے سمجھنے کا موقع مل رہا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ جدید ڈیجیٹل تفریح کو ہندوستانی اساطیر، موسیقی اور تہذیبی ورثے کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔یہاں قائم ’ریسنگ ایرینا‘ میں زائرین گاڑیوں کی ریس کا لطف اٹھا سکتے ہیں، جب کہ ’دیسی بیٹس‘ کے تحت دوستوں کے ساتھ رقص کا مقابلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ’یودھا: دی بیٹل آف واریئرز‘ نامی جنگی گیمنگ تجربہ ہندوستانی اساطیر سے متاثر ہے، جس میں کھلاڑیوں کو ایک منفرد ڈیجیٹل مقابلے کا حصہ بننے کا موقع ملتا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی ’اے آئی اوتار فوٹو بوتھ‘ بھی اس زون کی اہم کشش ہے، جہاں زائرین اپنی تصاویر کو مختلف کرداروں، مثلاً قدیم طرز کے مشہور کرداروں اور ہندوستانی شاہی شخصیات کی شکل میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ ’روبو اسکیچ‘ کے ذریعے روبوٹک بازو زائرین کی تصویریں بناتا ہے، جب کہ ’پروجیکشن پلے گراؤنڈ‘ میں کنول کے کھلتے پھولوں اور فضا میں اڑتی ڈریگن فلائی کی ڈیجیٹل تصویروں کے ذریعے ایک دلکش ماحول تخلیق کیا گیا ہے۔ ورچوئل ریئلٹی کے ذریعے ہندوستان کی تہذیبی اور جغرافیائی خوبصورتی سے واقف کرانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ’کھیل کھیل میں بھارت دیکھو‘ کے تحت ملک کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے کی سیر کرائی جا رہی ہے، جب کہ ’راشٹرگان: جن گن من‘ کے ذریعے قومی ترانے کے پس منظر میں ہندوستان کے مختلف خطوں، قدرتی مناظر اور ثقافتی تنوع کو پیش کیا گیا ہے۔ آئی آئی ٹی ایف 2026 کے موضوع ’وکاس اور وراثت‘ (ترقی اور ورثہ) کی مناسبت سے تیار کردہ یہ زون اس تصور کو اجاگر کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ملک کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے نئی نسل کو جوڑنے کا ایک مؤثر وسیلہ بھی بن سکتی ہے۔ میڈیا نمائندوں کو بھی بھارت منڈپم میں قائم اس زون کا دورہ کرنے، منتظمین سے بات چیت کرنے اور مختلف ڈیجیٹل تنصیبات کا براہ راست تجربہ حاصل کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس موقع پر زائرین کے ردعمل، ٹیکنالوجی کے عملی مظاہروں اور نئی نسل میں ڈیجیٹل تفریح کے بڑھتے رجحان کو سمجھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 45واں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 27 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں جاری رہے گا۔