بہار نامہ

دربھنگہ میں بچپن کی شادی اور جہیز کی رسم کے خلاف بیداری پروگرام منعقد

دربھنگہ،  (یو این آئی) سپریم کورٹ کی جانب سے اترپردیش ریاست بنام اجمل بیگ و دیگر کے معاملے میں صادر کردہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کے سلسلے میں ضلع قانونی خدمات اتھارٹی (ڈی ایل ایس اے)، دربھنگہ کی قیادت میں جمعہ کو لہریاسرائے کے آڈیٹوریم ہال میں بیداری اور حساسیت پیدا کرنے کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ ”کَوَچ” پروجیکٹ کے مرکز کے ڈائریکٹر اور ”پریاس” کے تعاون سے منعقدہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بچپن کی شادی، جہیز کی رسم اور صنفی امتیاز جیسی سماجی برائیوں کا خاتمہ اور خواتین و بچوں کے حقوق کے تئیں بیداری پیدا کرنا تھا۔
بچپن کی شادی سے پاک 100 روزہ مہم کے تحت منعقدہ اس پروگرام میں ایڈیشنل ضلع و سیشن جج، اول (اے ڈی جے-1) نیرج کمار، چیف جوڈیشل مجسٹریٹ جنید عالم، جوڈیشل مجسٹریٹ دوم سوربھ آنند اور ڈی ایل ایس اے کی سکریٹری آرتی کماری سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔
اس موقع پر عدالتی افسران نے بچپن کی شادی کی روک تھام کے قانون، جہیز کی ممانعت کے قانون اور پوکسو ایکٹ کی مختلف دفعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بچپن کی شادی اور جہیز جیسی سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے قانونی دفعات کے ساتھ سماجی بیداری اور اجتماعی شرکت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایسی کسی بھی واردات کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر متعلقہ انتظامی اور قانونی اداروں کو مطلع کریں۔
پروگرام میں جیویکا کی ضلع پروگرام منیجر رچا گارگی، چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ افسر، پنچایتی راج افسر، بلاک کمیونٹی کوآرڈینیٹر، چائلڈ ویلفیئر پولیس افسر، سب ڈویژنل افسر، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کرنے والے یونٹ کے نمائندوں، ون اسٹاپ سینٹر کی مرکز منتظم، خواتین و اطفال ترقیاتی کارپوریشن اور محکمہ محنت کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اس کے علاوہ بچپن کی شادی سے پاک پنچایت بنانے کے ہدف کے تحت نشان زد تمام 10 پنچایتوں کے مکھیا، درج فہرست ذات برادری سے تعلق رکھنے والی جیویکا دیدیاں، آشا فیسیلیٹیٹرز، آنگن واڑی سیکٹر فیسیلیٹیٹرز، خواتین سپروائزرز اور کَوَچ پروجیکٹ و پریاس کے نمائندے بھی موجود تھے۔
مقررین نے بچپن کی شادی کے مضر اثرات، بچوں کی تعلیم و تحفظ، خواتین کے قانونی حقوق اور صنفی مساوات کے موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شرکا سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بچپن کی شادی کے واقعات روکنے، برادری میں بیداری پیدا کرنے اور بچوں کو محفوظ و تعلیم یافتہ بچپن فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
پروگرام میں بچپن کی شادی سے پاک دربھنگہ کی تعمیر اور جہیز کی رسم سمیت دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ اس سمت میں عدالتی اداروں، ضلع انتظامیہ، سرکاری محکموں اور عوام کے درمیان بہتر تال میل اور مسلسل تعاون سے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے۔