دہلی شہر

وشو ہندو پریشد کا دہلی پولیس سے انسانی اسمگلنگ کے ممکنہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

نئی دہلی،  (یواین آئی) وشو ہندو پریشد نے جھارکھنڈ سے ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر دہلی لائی گئی ایک نابالغ بچی سے متعلق معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دہلی پولیس نیز متعلقہ تفتیشی ایجنسیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی اسمگلنگ اور تبدیلی مذہب کے کسی بھی ممکنہ منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔

وشو ہندو پریشد کی صوبائی اکائی کی جانب سے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ موصولہ معلومات کے مطابق شبنم خاتون نامی ایک خاتون مبینہ طور پر جھارکھنڈ میں اپنے پڑوسی گاؤں سے ایک نابالغ بچی کو ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر دہلی لائی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں جھارکھنڈ میں اغوا کا ایک معاملہ پہلے ہی درج ہے۔ خاتون تقریباً ایک ہفتہ قبل بچی کے ساتھ دہلی کے مولڑبند علاقے میں کرائے کے مکان میں رہنے آئی تھی۔ دہلی پہنچنے کے بعد خاتون نے بچی کو اپنے ہی پڑوس کے ایک گھر میں جھاڑو پونچھا کا گھریلو کام دلا دیا تھا۔

اسی دوران دو روز قبل کچھ نوجوان وہاں پہنچے۔ ان کی سرگرمیوں کو دیکھ کر بچی کو شبہ ہوا کہ کہیں اسے ملازمت کے نام پر فروخت کرنے کی سازش تو نہیں کی جارہی ہے۔ بچی نے اپنا خدشہ اس پڑوسی شخص کو بتایا، جس کے گھر وہ گھریلو کام کرنے جاتی تھی۔ پڑوسی نے بچی کی بات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوراً قریبی مندر کے پجاری لکشمن جی مہاراج کو اس کی اطلاع دی۔ پجاری جی نے بلا تاخیر وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنوں سے رابطہ کیا۔

وشو ہندو پریشد کے مطابق اس کے بعد وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے کارکنان ستسنگ پرمکھ مدن جی کی قیادت میں موقع پر پہنچے۔ جھارکھنڈ میں بچی کے اہل خانہ سے بات چیت اور دستیاب آدھار کارڈ نیز دیگر معلومات کی تصدیق کے بعد کارکنوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور بدرپور تھانے کو پورے واقعے سے آگاہ کیا۔ فی الحال نابالغ بچی بدرپور تھانے میں ہے۔

وشو ہندو پریشد نے کہا کہ ملازمت کا جھانسہ دے کر نابالغ بچیوں کو دوسری ریاستوں سے دہلی لانا اور انہیں مشتبہ حالات میں رکھنا انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ یہ صرف ایک بچی کی حفاظت کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کے پیچھے کسی بڑے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ملوث ہونے کے خدشے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

تنظیم نے کہا کہ اس معاملے میں کسی منظم گروہ، جبری تبدیلی مذہب یا دیگر اقسام کے دباؤ اور استحصال کے کردار کا خدشہ ہے، جس کی گہرائی سے جانچ ہونی چاہیے۔ جہاد کے نام پر انسانی اسمگلنگ یا تبدیلی مذہب جیسی مجرمانہ سرگرمیوں میں کسی کے ملوث ہونے کے ثبوت ملتے ہیں تو متعلقہ قصورواروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔ ایسی وارداتوں کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کو سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

وشو ہندو پریشد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو معمول کا واقعہ سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے۔ بچی کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے اور تحقیقات کے ذریعے پورے واقعے کی حقیقت سامنے لائی جائے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ نابالغ بچیوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر دوسری ریاستوں سے لانے، ان کا استحصال کرنے اور انسانی اسمگلنگ جیسی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔