سہارنپور میں نشے کا کاروبار کرنے والی خاتون سمیت چار گرفتار
پولیس نے بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً ایک کروڑ 31 لاکھ روپے بتائی
دیوبند،(سماج نیوز سروس)ضلع میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت نانوتہ پولیس نے اسمیک اسمگلنگ کے ایک نیٹ ورک کا انکشاف کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 655 گرام اسمیک اور چار موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ اسمیک کی بین الاقوامی بازار میں قیمت تقریباً ایک کروڑ 31 لاکھ روپے ہے۔ ملزمان بریلی سے اسمیک لاکر سہارنپور میں چھوٹے سپلائروں کے ذریعے اس کی فروخت کرتے تھے۔جمعرات کو پولیس لائن میں پریس کانفرنس کے دوران ایس ایس پی ابھینندن نے بتایا کہ آپریشن سویرا کے تحت ضلع بھر میں منشیات کے اسمگلروں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ اسی سلسلے میں نانوتہ پولیس نے روہاڑا پلیا کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نانو عرف شکیل ساکن ہرپال، رام پور منیہاران، سید سخاوت ساکن کمہارہیڑا، سرساوہ، مونو عرف فرمان اور اس کی اہلیہ شبنم عرف شگفتہ ساکنان شیخ پورہ قدیم کوتوالی دیہات کو گرفتار کیا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق مونو اور سید سخاوت اس نیٹ ورک کے اہم ملزم اور مبینہ سرغنہ ہیں۔ مونو کافی عرصے سے پولیس کی نگرانی میں تھا۔ تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان بریلی سے اسمیک لاکر سہارنپور میں چھوٹے سپلائروں کے ذریعے اسے فروخت کرتے تھے۔ پولیس اب اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ کئی معاملات میں مرد ملزمان کی گرفتاری کے بعد ان کے خاندان کی خواتین بھی مبینہ طور پر منشیات کے کاروبار کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی معاملے میں مونو کی اہلیہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے بھی برآمدگی ہوئی ہے۔ پولیس اس نیٹ ورک میں اس کے کردار کی تفصیلی جانچ کررہی ہے۔ چاروں ملزمان کے خلاف نانوتہ تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے اور منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی تیاری بھی کررہی ہے۔
