اتر پردیش

ای ،وی ،ایم اور وی ،وی ، پیٹ ٹریننگ اور ووٹر زبیداری مہم کا آغاز

ووٹرز خود ووٹ ڈال کر وی وی پیٹ میں پرچی دیکھ کر تصدیق کرسکیں گے : ضلع الیکشن آفیسر

دیوبند،(سماج نیوز سروس)آنے والے اسمبلی الیکشن 2027کے مد نظر ضلع الیکشن آفیسر اروند کمار چوہان نے جمعہ کے روز الیکشن آفس میں ای ،وی ،ایم اور وی ،وی ، پیٹ ٹریننگ اور ووٹر زبیداری مہم کا آغاز کیا ۔یہ مہم ضلع کے سبھی ساتوں اسمبلی حلقوں اور ان کی تحصیلوں میں چلائی جائے گی ۔اس مہم کے تحت عام آدمی کو ای وی ایم اور وی وی پیٹ کے کام کرنے کے طریقوں کی جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ مشینوں کو بھی چلاکر دکھایا جائے گا ۔اس ٹریننگ میں ووٹرز خود ای وی ایم پر ووٹ ڈال کر ووٹ ڈالنے کے عمل کو سمجھ سکیں گے اور وی وی پیٹ میں دکھائی دینے والی پرچی کے ذریعہ سے اپنے ووٹ کی تصدیق بھی کرسکیں گے ۔ضلع الیکشن آفیسر نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ووٹنگ کے عمل کو لیکر ووٹرز کی شکایات اور ان کے اندیشوں کو دور کرنا ،نیز الیکشن کے نظام کے تئیں اعتماد اور شفافیت کو مضبوط کرنا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دی جانے والی ٹریننگ کا فائدہ اٹھائیں ۔اس موقع پر اے ڈی ایم انتظامیہ اور نائب ضلع الیکشن آفیسر لوی کرپاٹھی ،معاون ضلع الیکشن آفیسر سرون کمار سمیت الیکشن آفس کا اسٹاف موجود رہا ۔