رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ پنجاب کے زیر اہتمام اساتذہ کے تربیتی کیمپ کا انعقاد
دیوبند،(سماج نیوز سروس) رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ پنجاب و چندی گڑھ کے صدر دفتر مدرسہ زینت العلوم رائیکوٹ روڈ مالیرکوٹلہ میں اساتذہ مدارس کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔جس میں شعبہ حفظ اور شعبہ عربی و فارسی کے تحت صوبہ بھر کے 178 مدارس سے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔اس تربیتی پروگرام میں دارالعلوم دیوبند کے اساتذہ مولانا محمد علی بجنوری اور قاری صغیر احمد قاسمی نے خصوصی شرکت کی اور اساتذہ کرام کی علمی و تدریسی رہنمائی کی۔کیمپ کے دوران دونوں شعبوں کے اساتذہ کو ان کے متعلقہ تعلیمی میدان میں تدریس کے مؤثر طریقوں، طلبہ کی ذہنی و علمی استعداد کے مطابق تعلیم دینے، درس و تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی اخلاقی و تربیتی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔ اساتذہ کرام نے ان ہدایات کو نہایت توجہ اور دلچسپی سے سنا اور اپنے مدارس میں ان پر عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔دارالعلوم دیوبند کے اساتذہ نے مدرسہ زینت العلوم کے تعلیمی، تربیتی اور انتظامی نظام کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی صفائی، نظم و ضبط، طلبہ کے قیام و طعام اور مجموعی تعلیمی ماحول کو سراہا۔ مولانا محمد علی بجنوری نے مدرسے کے نظام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دیگر مدارس کے لیے قابلِ تقلید نمونہ قرار دیا۔انہوں نے بالخصوص مولانا مفتی محمد خلیل قاسمی کی طویل دینی، علمی، سماجی اور ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب بھر میں دارالعلوم دیوبند کی نمائندگی اور اس کے اکابر کے پیغام کو عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ آپ کی سرپرستی میں رابطہ مدارس کا یہ کام آگے بڑھ رہا ہے، جو نہایت خوش آئند ہے۔رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ پنجاب و چندی گڑھ کے جنرل سیکرٹری مولانا مفتی محمد یوسف قاسمی نے اپنے خطاب میں رابطہ مدارس کے تعلیمی و تنظیمی کاموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں مدارس کے باہمی رابطے کو مضبوط اور منظم بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ پنجاب و چندی گڑھ کی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ پروگرام کے اختتام پر رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ پنجاب و چندی گڑھ کے صدر، مبلغِ اسلام، مفتیِ اعظم پنجاب مولانا مفتی محمد خلیل قاسمی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ تربیتی کیمپ ایک آغاز ہے، ان شاء اللہ مستقبل میں اس سلسلے کو مزید وسعت دی جائے گی ۔
