Featured

بہار کو34,470کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ

وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو مغربی بنگال سے اتر پردیش واپس لوٹتے ہوئے بہار سے کریں گے اعلان

نئی دہلی،  (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو مغربی بنگال سے اتر پردیش واپس لوٹتے ہوئے دوپہر میں بہار جائیں گے، جہاں وہ ویشالی میں تقریباً 34,470 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، قوم کے نام وقف اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔یہ منصوبے سڑک، بجلی، شہری ترقی، آبی وسائل، تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی دیگر شعبوں سے متعلق ہیں۔وزیر اعظم دریائے گنگا پر تعمیر کردہ چھ لین والے کیبل اسٹیڈ پل نتیش سیتو کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ تقریباً 4,280 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر اس پل کی کل لمبائی 19.7 کلومیٹر ہے۔ یہ پٹنہ ضلع کے کچی درگاہ کو ویشالی ضلع کے بیدوپور سے جوڑے گا۔ اس میں 9.7 کلومیٹر طویل مرکزی پل اور 10 کلومیٹر رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔اس پل سے مہاتما گاندھی سیتو اور جے پی سیتو پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ اس کے علاوہ شمالی اور جنوبی بہار کے درمیان آمد و رفت آسان ہوگی اور سفر کا وقت کم ہوگا۔ اس سے راگھوپور دیارا کے لوگوں کو پٹنہ پہنچنے اور صحت و تعلیم جیسی ضروری سہولتوں تک رسائی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔وزیر اعظم 15,600 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان میں قومی شاہراہوں کی توسیع، بکسر حرارتی بجلی منصوبے کے 660 میگاواٹ صلاحیت والے دوسرے یونٹ، بجلی کی تقسیم اور ترسیل سے متعلق اسکیمیں، نہروں اور پشتوں کی بہتری اور پھلوریا ڈیم پر فلوٹنگ سولر پروجیکٹ شامل ہیں۔اس کے علاوہ وزیر اعظم تقریباً 14,450 کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں صاحب گنج۔اریراج۔بیتیا قومی شاہراہ کے حصے کو چار لین میں تعمیر کرنا، پیرپینتی سپر تھرمل پاور پروجیکٹ کے لیے بجلی کی ترسیل کا نظام، کئی شہروں میں سیوریج اور آبی فراہمی کی اسکیمیں اور تعلیمی اداروں سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔وزیر اعظم 100 پی ایم۔ای بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے 26,900 سے زیادہ مستفیدین کا گرہ پرویش بھی کرایا جائے گا۔وہیں دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو مغربی بنگال اور اتر پردیش کے دورے پر رہیں گے، جہاں وہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، کھڑگ پور کی پلاٹینم جوبلی تقریب میں طلبہ سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم صبح آئی آئی ٹی کھڑگ پور کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے اور ادارے کے 75 طلبہ سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد وہ بہار کے ویشالی میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔وہاں سے شام کو وزیر اعظم لکھنؤ کے گومتی نگر واقع اندرا گاندھی پرتشٹھان میں پانچویں ہنر مندی جلسۂ تقسیم اسناد میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں آئی ٹی آئی، قومی ہنر مندی تربیتی اداروں اور انسٹرکٹر تربیتی اداروں کے قومی سطح کے 52 ہونہار طلبہ کو ان کی کامیابیوں کے لیے اعزاز سے نوازا جائے گا۔