یو پی میں ایک بار پھر سیاسی تجربہ گاہ کے ایندھن بنیں گےدلت اور مسلمان
اتر پردیش کی سیاست میں ان دنوں جو بساط بچھائی جا رہی ہے، اس کے مہرے بظاہر الگ الگ ہیں، لیکن ان کی چالوں پر غور کیا جائے تو کئی دلچسپ سوالات سر اٹھانے لگتے ہیں۔ ایک طرف بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے ہے، دوسری طرف سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر مشتمل انڈیا اتحاد اپنی سیاسی زمین بچانے کی جدوجہد کر رہا ہے، اور اب تیسری طرف اسدالدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد راون کے نئے سیاسی اشتراک نے بھی انتخابی میدان میں اپنی طاقت آزمانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بظاہر یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ ہر جماعت کو اپنی سیاسی طاقت دکھانے کا حق حاصل ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس نئے محاذ کی سیاست کا حاصل کیا ہوگا اور اس کے سیاسی فائدے کا پلڑا کس طرف جھکے گا؟
اس سوال کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس نئے محاذ کو انڈیا اتحاد کی بی ٹیم قرار دینا شروع کر دیا ہے۔ اب ذرا اس سیاسی منطق پر غور کیجیے۔ اگر اویسی اور چندر شیکھر راون کا اتحاد واقعی انڈیا اتحاد کو نقصان پہنچانے کے لیے میدان میں اتر رہا ہے تو پھر یوگی جی کو اس سے پریشانی کی جگہ اطمینان ہونا چاہیے؟ یا پھر اس اضطراب کے پیچھے کوئی ایسا سیاسی حساب کتاب ہے جسے عوام کے سامنے کھول کر بیان کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی؟ اصل سوال یہ نہیں ہے کہ نیا محاذ کس کی بی ٹیم ہے، اصل سوال یہ ہے کہ اس محاذ کے میدان میں آنے سے کس کے ووٹ تقسیم ہوں گے اور کس کے اقتدار کی راہ آسان ہوگی۔ اتر پردیش کی سیاست میں مسلمان اور دلت ووٹ کسی بھی انتخابی نتیجے کو بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر یہ دونوں طبقے ایک مشترکہ سیاسی حکمت عملی کے تحت کسی ایک سمت میں کھڑے ہو جائیں تو ان کی انتخابی طاقت کو نظر انداز کرنا آسان نہیں ہوگا۔ لیکن اگر ان کے ووٹ الگ الگ سیاسی خیموں میں تقسیم ہو جائیں تو اس کا فائدہ لازماً کسی تیسرے فریق کو پہنچ سکتا ہے۔ سیاست کا یہی وہ کھیل ہے جس میں بسا اوقات جیتنے والا وہ نہیں ہوتا جس نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہوں، بلکہ وہ ہوتا ہے جس کے مخالفین آپس میں لڑتے رہ جائیں۔ چندر شیکھر آزاد راون کی سیاست کو لے کر بھی ان دنوں سوشل میڈیا پر طرح طرح کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کے ماضی، آر ایس ایس سے مبینہ قربت اور زمانۂ طالب علمی میں اے بی وی پی سے وابستگی کے دعوے گردش کر رہے ہیں۔ ان دعووں کی آزادانہ اور مستند تصدیق کے بغیر انہیں تاریخی حقیقت قرار دینا مناسب نہیں ہوگا، لیکن یہ ضرور ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کے ماضی، نظریاتی سفر اور موجودہ سیاسی موقف پر سوال اٹھانا جمہوری حق ہے۔ چندر شیکھر راون نے دلت سیاست میں اپنی ایک شناخت بنائی ہے، مظلوم طبقات کے حقوق کی آواز بلند کی ہے اور اپنے سیاسی وجود کا احساس بھی دلایا ہے۔ مگر کیا ان میں اتنی قوت ہے یا ان پر دلت طبقہ کو اتنا اعتماد ہے کہ چار بار کی وزیر اعلیٰ مایاوتی کو نظر انداز کر کے وہ چندر شیکھر راون کو ووٹ دے دیں ؟دوسری طرف اسدالدین اویسی ہیں جن کی سیاست کا سب سے بڑا سرمایہ ان کی تقریر، ان کا جارحانہ انداز اور مسلمانوں کے مسائل پر بے باک اظہار خیال ہے۔ وہ پارلیمنٹ سے لے کر انتخابی جلسوں تک مسلمانوں کے سیاسی حقوق کی بات کرتے ہیں اور بی جے پی کو براہ راست نشانہ بناتے ہیں۔ لیکن ان کی سیاست کے ساتھ ایک سوال مسلسل سایے کی طرح چلتا رہا ہے کہ آخر ان کی جماعت ایسے انتخابی حلقوں میں ہی اپنے امیدوار کیوں اتارتی ہے جہاں مسلم ووٹ فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں؟ کیا ہر جگہ انتخاب لڑنا سیاسی حق کا استعمال ہے یا بعض حلقوں میں یہ فیصلہ بالواسطہ طور پر اس جماعت کو فائدہ پہنچا دیتا ہے جسے شکست دینے کا دعویٰ کیا جا رہا ہوتا ہے؟ یقیناً کسی سیاسی جماعت کو انتخاب لڑنے سے روکنا جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔ اویسی کو بھی پورا حق ہے کہ وہ ملک کے کسی بھی انتخابی حلقے سے اپنے امیدوار اتاریں۔ لیکن جمہوریت میں حق کے ساتھ سیاسی ذمہ داری بھی آتی ہے۔ کسی امیدوار کا میدان میں اترنا اور کسی سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچنا دو الگ باتیں ہیں، مگر جب کسی جماعت کے انتخابی فیصلوں کا نتیجہ بار بار اپوزیشن کے ووٹوں کی تقسیم کی صورت میں سامنے آئے تو اس کے سیاسی اثرات پر سوال اٹھنا فطری ہے۔ محض یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ ہم اپنا سیاسی وجود مضبوط کر رہے ہیں، یہ بھی بتانا ہوگا کہ اس مضبوطی سے عوام کے مسائل کتنے حل ہوئے اور فرقہ پرست سیاست کو کمزور کرنے میں کتنی مدد ملی؟اویسی کے تعلق سے ایک اور دلچسپ پہلو بھی زیر بحث رہتا ہے۔ ان کی تقریروں میں بی جے پی اور نریندر مودی کے خلاف سخت ترین الفاظ سننے کو ملتے ہیں، لیکن بی جے پی کی سیاسی قیادت بھی ان کے بیانات کو اپنے حق میں استعمال کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ اویسی جتنا زیادہ جارحانہ انداز اختیار کرتے ہیں، بعض اوقات اتنا ہی زیادہ فرقہ وارانہ انتخابی ماحول گرم ہوتا ہے۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ مسلم ووٹروں میں جذباتی ردعمل پیدا ہوتا ہے اور دوسری طرف ہندو ووٹوں کو متحد کرنے کی کوششیں تیز ہو جاتی ہیں۔ اتر پردیش میں اس نئے محاذ کی تشکیل کے بعد ایک اور اہم سوال بھی پیدا ہوتا ہے۔ کیا مسلمان اور دلت قیادت واقعی ایک دوسرے کی سیاسی طاقت بننے جا رہی ہے یا دونوں طبقوں کے جذبات کو استعمال کرکے اپنی اپنی سیاسی دکانیں چمکانے کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے؟ دلت اور مسلمان دونوں نے اس ملک میں سیاسی محرومی، سماجی ناانصافی اور اقتدار سے دوری کا تجربہ کیا ہے۔ دونوں کے مسائل میں کئی مقامات پر حیرت انگیز مماثلت بھی ہے۔ ایسے میں ان کے درمیان سیاسی اشتراک کوئی غلط بات نہیں، بلکہ اگر یہ اشتراک نظریاتی بنیادوں، مشترکہ پروگرام اور واضح سیاسی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھے تو یہ اتر پردیش کی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ بھی بن سکتا ہے۔ لیکن صرف مشترکہ جلسے، بلند بانگ تقریریں اور انتخابی اتحاد کسی سیاسی تبدیلی کی ضمانت نہیں ہوتے۔ اس کے لیے یہ بتانا ضروری ہے کہ تعلیم، روزگار، سماجی انصاف، آئینی حقوق، تحفظ اور معاشی ترقی کے سلسلے میں اس محاذ کا اپنا پروگرام کیا ہے؟ کیا یہ محاذ اقتدار میں آنے کے بعد بھی اسی سیاسی شعور کے ساتھ کام کرے گا جس کا اظہار آج جلسوں میں کیا جا رہا ہے؟ یا پھر انتخابات ختم ہوتے ہی اس کی ترجیحات بھی بدل جائیں گی؟یہ بات بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ بی جے پی کی انتخابی سیاست کا ایک بڑا ہنر مخالف ووٹوں کی تقسیم سے فائدہ اٹھانا ہے۔ وہ جانتی ہے کہ جب تک مخالف جماعتیں ایک دوسرے کو کمزور کرنے میں مصروف رہیں گی، اس کی اپنی انتخابی زمین نسبتاً محفوظ رہے گی۔ اگر ہر جماعت صرف اپنے ووٹ بینک کو بڑھانے کی فکر میں رہے اور اس بات سے بے نیاز ہو جائے کہ اس کے فیصلوں کا مجموعی انتخابی نتیجہ کیا نکلے گا تو پھر اقتدار کی تبدیلی کا خواب محض تقریروں تک محدود رہ جائے گا۔
اویسی اور چندر شیکھر راون کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاست صرف اپنی جماعت کا انتخابی گراف بلند کرنے کا نام نہیں ہے۔ کبھی کبھی ایک سیٹ جیتنے سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ آپ کی وجہ سے کتنی سیٹوں پر کون جیت رہا ہے۔ سیاست میں اپنی طاقت دکھانے اور دوسروں کی طاقت توڑنے کے درمیان ایک باریک لکیر ہوتی ہے۔ اس لکیر کو سمجھنے میں غلطی ہو جائے تو انقلاب کا نعرہ لگانے والے بھی انجانے میں اسی نظام کے مددگار بن جاتے ہیں جسے بدلنے کا دعویٰ کرتے ہیںاور آخر میں ایک سوال یوپی کے مسلمانوں اور دلتوں سے بھی ہے۔ کیا وہ ہر بار کسی نئے سیاسی نعرے، نئے چہرے اور نئے اتحاد کے نام پر اپنے ووٹوں کی آزمائش کرتے رہیں گے؟ کیا ان کی سیاسی قوت کا استعمال صرف انتخابی جلسوں کی رونق بڑھانے اور دوسروں کو اقتدار تک پہنچانے کے لیے ہوتا رہے گا؟ انہیں یہ طے کرنا ہوگا کہ ان کے ووٹ کا مقصد محض کسی رہنما کی مقبولیت میں اضافہ کرنا نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لیے ایک مؤثر سیاسی راستہ بنانا ہے۔یوپی کی سیاسی بساط پر اس وقت کئی کھلاڑی اپنی اپنی چال چل رہے ہیں۔ کوئی اسے بی ٹیم قرار دے رہا ہے، کوئی اسے سیاسی انقلاب کا آغاز بتا رہا ہے اور کوئی اسے مسلمانوں اور دلتوں کی نئی سیاسی طاقت کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ مگر عوام کو نعروں کے شور میں گم ہونے کے بجائے یہ دیکھنا ہوگا کہ اس کھیل میں کس کے ووٹ کٹیں گے، کس کی سیٹیں بڑھیں گی اور آخر میں اقتدار کی کرسی پر کون بیٹھے گا۔ کیونکہ سیاست میں سب سے خطرناک کھلاڑی ہمیشہ وہ نہیں ہوتا جو سامنے سے حملہ کرتا ہے، بلکہ کبھی کبھی وہ بھی ہوتا ہے جو مخالفین کو ایک دوسرے سے لڑتا دیکھ کر خاموشی سے اپنی جیت کا راستہ ہموار کرتا رہتا ہے۔اور بولنا تو پڑیگا کہ اگر ہر بار مسلمانوں اور دلتوں کے ووٹ ہی سیاسی تجربہ گاہ کا ایندھن بنیں گے تو پھر اس ملک کی سیاست میں ان کے حصے کی تبدیلی آخر کب آئے گی؟
