صرف ایک پڑھی لکھی نسل ہی تعمیری اور مثبت گفتگو کر سکتی ہے:حاجی قمرالدین
نئی دہلی ، سماج نیوز سروس:سر سید احمد خان تعلیم کو سماجی تبدیلی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ کسی بھی کمیونٹی کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب اس کی نئی نسل تعلیم یافتہ ہو اور سائنسی مزاج پروان چڑھے۔ اس وژن اور مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سرسید ڈے 2026 کے موقع پر دبئی اور شارجہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ان تقریبات میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طلباء، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات اور بہت سے خصوصی مہمانوں نے شرکت کی۔ AMU اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی جانب سے شارجہ کے ہوٹل ہالیڈے انٹرنیشنل میں منعقدہ تقریب میں سروکون کے بانی حاجی قمرالدین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سرسید کے وژن اور تعلیم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کا اشتراک کیا۔ حاجی قمرالدین نے وضاحت کی کہ اس سمت میں ان کی شروعات فاطمہ نسوان کے نام سے لڑکیوں کا اسکول کھولنا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بچے کی ماں ان کی پہلی استاد ہوتی ہے۔ ایسے میں اگر بیٹیاں تعلیم یافتہ ہوں گی تو وہ آنے والی نسلوں کو بہتر تعلیم اور اقدار فراہم کر سکیں گی۔کارڈوا گروپ آف کمپنیز کے فاؤنڈر اور چیئرمین زیڈ آئی شروانی اور ایس آئی شروانی ڈائریکٹر کارڈوا گروپ آف کمپنیز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کو ہم گذشتہ کافی عرصہ سے منعقد کرتے رہے ہیں یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو دنیا کہ کسی بھی حصہ میں رہنے والے یا بزنس کرنے والے وہ چاہے نوکر ی میں ہوں یا اپنی تجارت کر رہے ہوں ان کو ایک پلیٹ فارم پر لانا بہت اچھی پہل ہے۔ حاجی قمرالدین نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایجوکیشن فاؤنڈیشن شروع کرنے کے اقدام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اس میں پورے معاشرے کی سوچ بدلنے کی طاقت ہے۔ سیاسی بیداری اور سماجی تبدیلی کی بات کرنے سے پہلے ہمیں اپنے محلوں اور علاقوں کے بچوں کی تعلیم کا اندازہ لگا لینا چاہیے۔ صرف ایک پڑھی لکھی نسل ہی تعمیری اور مثبت گفتگو کر سکتی ہے۔سرسید ڈے کی ان تقریبات کے ذریعے تعلیم، سائنسی سوچ اور سماجی اصلاح کے حوالے سے ان کے نظریات کو یاد رکھنے کا پیغام بھی نئی نسل تک پہنچایا گیا۔ اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران، یو اے ای کی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ کیمپس پلیسمنٹ اور صنعت و اکیڈمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
