قومی خبریں

دیپ دیپاولی کے موقع پر کاشی میں 10 سے 15 لاکھ سیاحوں کی آمد متوقع

گنگا میں ایک عارضی پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا۔ کشتیوں کی آمدورفت کے لیے الگ الگ راستے مقرر کیے جائیں گے

وارانسی،  (یو این آئی) دیپ دیپاولی کے موقع پر کاشی میں 10 سے 15 لاکھ عقیدت مندوں اور سیاحوں کی آمد کے امکان کے پیش نظر پولیس نے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔دریائے گنگا میں ایک عارضی پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا۔ کشتیوں کی آمدورفت کے لیے الگ الگ راستے مقرر کیے جائیں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی کرنے والی ٹیمیں (کیو آر ٹی) اور خصوصی بچاؤ ٹیمیں چوکس رہیں گی۔

پولیس کمشنر موہت اگروال نے بتایا کہ دریائے گنگا میں ایک عارضی پولیس تھانہ قائم کیا جائے گا، جہاں بچاؤ کے لیے کشتیاں اور ضروری آلات دستیاب رہیں گے۔ اس سے کشتیوں کے ٹکرانے، عقیدت مندوں کے دریا میں گرنے یا کسی دوسرے حادثے کی صورت میں فوری امداد اور بچاؤ کی کارروائی ممکن ہوسکے گی۔کشتیوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے پانی میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی اور داخلے و واپسی کے لیے الگ الگ راستے مقرر ہوں گے۔ مقررہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو کشتیوں میں بٹھانے پر پابندی ہوگی، لائف جیکٹ پہننا لازمی ہوگا اور کشتیوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جائے گی۔ گنگا میں موٹر بوٹس کے ذریعے مسلسل گشت بھی کیا جائے گا۔

گھاٹوں پر داخلے اور باہر نکلنے کے راستوں پر بیریکیڈنگ کی جائے گی اور پولیس کی مناسب نفری تعینات رہے گی۔ گھاٹوں اور ان کے آس پاس کے علاقوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کے ذریعے کی جائے گی۔ شہر میں آنے والی گاڑیوں کے لیے مقررہ پارکنگ مقامات اور کثیر منزلہ پارکنگ کا استعمال کیا جائے گا۔دیپ دیپاولی کے موقع پر گنگا کے گھاٹوں پر تقریباً 11 لاکھ دیے روشن کیے جائیں گے۔ اس دوران گنگا آرتی، لیزر شو، آتش بازی اور ڈرون شو سمیت مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت کی بھی دیپ دیپاولی کے موقع پر کاشی پہنچنے کی توقع ہے۔