ریاستی خبریں

کیرالہ پولیس کی خصوصی کارروائی میں شراب پی کر گاڑی چلانے کے 1,708 معاملے سامنے آئے

ترواننت پورم،  (یو این آئی) کیرالہ پولیس نے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 157 افراد کو گرفتار کیا اور منشیات سے متعلق 259 مقدمات درج کیے۔ اس کے علاوہ دو روزہ ‘میگا کومبنگ-2’ کارروائی کے دوران شراب پی کر گاڑی چلانے کے 1,708 معاملوں کا پتہ لگایا گیا۔

ریاست گیر اس کارروائی کے دوران 34,180 گاڑیوں کی جانچ بھی کی گئی، جن میں 2,780 سیاحتی گاڑیاں شامل تھیں۔ یہ کارروائی ریاست کے تمام 20 پولیس اضلاع میں منشیات کی اسمگلنگ، مجرمانہ سرگرمیوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت مہم کے تحت انجام دی گئی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (امن و قانون) پی وجین کی قیادت میں یہ کارروائی 2 مرحلوں میں کی گئی۔ پہلا مرحلہ 21 نومبر کو شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک اور دوسرا مرحلہ 22 نومبر کو آدھی رات سے صبح 6 بجے تک جاری رہا۔

منشیات مخالف کارروائی کے دوران این ڈی پی ایس قانون کے تحت 259 مقدمات درج کیے گئے اور 157 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے پلکڑ میں گاڑیوں کی جانچ کے دوران 55.186 گرام ایم ڈی ایم اے اور الپوزھا میں 12.870 گرام گانجا ضبط کیا۔ منشیات کے قانون کے تحت سب سے زیادہ 41 مقدمات پلکڑ اور 37 مقدمات ارناکلم دیہی علاقے میں درج کیے گئے۔

شراب پی کر گاڑی چلانے کے سب سے زیادہ 203 معاملے پلکڑ اور 155 معاملے پٹھانمتھیٹا میں سامنے آئے۔ اس کارروائی کے دوران کم عمر افراد کے گاڑی چلانے کے 66 معاملوں اور جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے 5 معاملوں کا بھی پتہ چلا۔

پولیس نے عدالت کے 122 وارنٹ اور ناقابل ضمانت 641 وارنٹ پر عمل درآمد کیا، جبکہ احتیاطی حراست کے 4 احکامات بھی نافذ کیے گئے۔ سنگین جرائم کے 28 ملزمین اور فرار 3 مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔

اس کارروائی کے دوران 244 مشتبہ مقامات، 1,159 لاج اور 224 ٹھکانوں کی جانچ کی گئی۔ سماج دشمن سرگرمیوں کے خلاف مہم کے تحت 1,152 مقامات پر تلاشی لی گئی اور کیرالہ سماج دشمن سرگرمیاں (روک تھام) قانون (کاپا) کی دفعہ 15 کے تحت 46 مقدمات درج کیے گئے۔