بہار نامہ

وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے عظیم سائنس داں جگدیش چندر بوس کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا

پٹنہ،  (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے عظیم ہندوستانی سائنس داں ڈاکٹر جگدیش چندر بوس کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مسٹر چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر بوس کو عظیم سائنس داں اور ہندوستان کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کے تئیں گہرے احترام کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سائنس کے میدان میں ڈاکٹر جگدیش چندر بوس کی بے مثال خدمات آنے والی نسلوں کو مسلسل تحریک دیتی رہیں گی۔ انہوں نے ملک کے اس عظیم سائنس داں کی یاد کو سلام کرتے ہوئے ان کی خدمات کو یاد کیا۔
ڈاکٹر جگدیش چندر بوس کی پیدائش 30 نومبر 1858 کو اُس وقت کے بنگال پریسیڈنسی کے میمن سنگھ (موجودہ بنگلہ دیش) میں ہوئی تھی۔ وہ ماہر طبیعیات، ماہر حیاتیات اور ایک ممتاز سائنس داں تھے۔ انہوں نے ریڈیو لہروں اور انتہائی مختصر برقی مقناطیسی لہروں کے شعبے میں اہم تحقیق کی۔ پودوں میں بھی بیرونی محرکات کے تئیں حساسیت پائی جاتی ہے، اسے سائنسی تجربات کے ذریعے ثابت کرنے میں ان کا نمایاں کردار رہا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ‘کرسکوگراف’ نامی آلہ ایجاد کیا، جس کے ذریعے پودوں کی نہایت معمولی نشوونما اور ردعمل کی پیمائش کی جا سکتی تھی۔انہوں نے 1917 میں کولکاتا میں بوس سائنس انسٹی ٹیوٹ (بوس انسٹی ٹیوٹ) قائم کیا۔ 1920 میں انہیں ممتاز رائل سوسائٹی کا فیلو منتخب کیا گیا۔ ان کا انتقال 23 نومبر 1937 کو ہوا۔