بلندشہر میں تین سالہ معصوم بچی کے قتل کا انکشاف
پڑوس میں رہنے والی خاتون گرفتار،گھر سے تقریباً 40 میٹر دور پڑوسن کے کمرے میں ملی تھی بچی کی لاش،ملزمہ سے پوچھ گچھ جاری
ناظم بیگ
بلند شہر 23؍ نومبر ؍سماج نیوز سروس: تھانہ کوتوالی نگر علاقے کے محلہ اونتی نگر بھوڑ میں تین سالہ معصوم بچی کے قتل کے معاملے کا پولیس نے انکشاف کرتے ہوئے واردات میں ملوث پڑوس میں رہنے والی خاتون سونم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق بچی کی لاش گھر سے تقریباً 40 میٹر دور ملزمہ کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق 21 نومبر 2026 کو ڈائل 112 کے ذریعے صدرکوتوالی پولیس کو اطلاع ملی کہ محلہ اونتی نگر بھوڑ سے تین سالہ بچی لاپتہ ہوگئی ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی کی ہدایت پر پولیس کی کئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جبکہ سواٹ اور سرویلانس ٹیموں کو بھی بچی کی تلاش میں لگایا گیا۔ پولیس نے علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی، جس سے اندازہ ہوا کہ بچی زیادہ دور نہیں گئی ہے۔ اس کے بعد آس پاس کے مکانات کی تلاشی شروع کی گئی۔ اسی دوران بچی کے گھر سے تقریباً 40 میٹر کے فاصلے پر پڑوس میں رہنے والی سونم کا کمرہ بند ملا۔ کافی دیر تک دروازہ نہ کھلنے پر پولیس نے تالا توڑ کر اندر دیکھا تو لاپتہ بچی کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس نے ملزمہ سونم اہلیہ دنیش ساکن گاؤں دھتوری تھانہ سلیم پوربلند شہر کو گرفتار کرلیا۔ پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اہل خانہ نے اس کی آخری رسومات ادا کردیں۔ ملزمہ سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ سونم کی شادی سال 2015 میں دنیش ساکن گاؤں میانہ تھانہ جیور ضلع گوتم بدھ نگر سے ہوئی تھی۔ دونوں کی ایک آٹھ سالہ بیٹی ہے، جس کا نام بلبل ہے۔ گھریلو اختلافات کے باعث شادی کے ڈیڑھ سے دو سال بعد ہی دونوں الگ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں دنیش نے دوسری شادی کرلی اور فی الحال دہلی میں رہتا ہے، جہاں اس کے دوسری بیوی سے دو بچے بھی ہیں۔شوہر سے علیحدگی کے بعد سونم مختلف مقامات پر کرایے کے مکانوں میں رہنے لگی تھی، جس سے اس کے میکے والے بھی ناراض تھے اور انہوں نے اس سے تعلقات ختم کرلیے تھے۔پولیس کے مطابق کچھ دن قبل سونم اپنے میکے گاؤں دھتوری گئی تھی، جہاں اس نے مبینہ طور پر اپنی ہی بیٹی کو چھت سے نیچے پھینک دیا تھا، جس سے بچی زخمی ہوگئی تھی۔ اس کا علاج سونم کی والدہ نے کرایاتھا۔ بعد ازاں بچی کی حفاظت کے پیش نظر نانی نے اسے اس کے والد دنیش کے حوالے کردیا، جو اسے اپنے ساتھ دہلی لے گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بیٹی کے دہلی چلے جانے کے بعد سونم پریشان رہنے لگی تھی اور بچوں کو دیکھ کر بھی اس کی ذہنی کیفیت متاثر ہوتی تھی۔ملزمہ نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ اسی ذہنی کیفیت کے دوران اس نے بچی کو دیکھا اور اسے اپنے کمرے میں بلا کر اس کا منہ دبا دیا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق جب ٹیم بچی کی تلاش کرتے ہوئے ملزمہ کے گھر پہنچی تو وہ پولیس کو دیکھ کر کمرے پر تالا لگا کر فرار ہوگئی تھی۔ ملزمہ کا ارادہ تھا کہ رات کے وقت واپس آکر لاش کو کہیں ٹھکانے لگا دے گی۔پولیس کے مطابق ملزمہ ذہنی طور پر پریشان تھی اور مبینہ طور پر توہمات اور ٹونے ٹوٹکے کی جانب بھی مائل ہوگئی تھی، تاہم اس سلسلے میں کوئی خاص معلومات نہیں تھیں۔پولیس نے تمام مکان مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے یہاں رہنے والے کرایہ داروں کی معلومات قریبی پولیس چوکی یا تھانے میں فراہم کرکے ان کی تصدیق کرانے میں تعاون کریں۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی کرایہ دار کے ذریعے کوئی واردات انجام دی جاتی ہے تو مکان مالک کی جانب سے برتی گئی لاپروائی کی بھی جانچ کی جائے گی۔
